بہاولپور سکھا نہر سے نوجوان رکشہ ڈرائیور کی لاش برآمد، قتل کا شبہ، پولیس کی تحقیقات شروع
ملتان: تھانہ مظفرآباد کے علاقے بہاولپور سکھا نہر سے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت 22 سالہ حاجی محمد طالب کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول لاڑ کا رہائشی تھا اور لاڑ سے چوک وہاڑی روٹ پر رکشہ چلا کر اپنے اہل خانہ کا روزگار چلاتا تھا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق محمد طالب گزشتہ روز شام تقریباً 7 بجے سے لاپتہ تھا، جس کے بعد اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کی اور اسی روز تھانہ ممتاز آباد میں گمشدگی کی اطلاع دیتے ہوئے 15 پر کال اور باقاعدہ درخواست بھی جمع کروائی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نہر سے ملنے والی لاش کے سینے اور کمر پر چھریوں کے گہرے زخموں کے نشانات موجود ہیں، جس سے بظاہر واقعہ قتل معلوم ہوتا ہے۔ تاہم موت کی اصل وجہ اور دیگر حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او اور ڈی ایس پی مظفرآباد پولیس بھاری نفری اور ریسکیو ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ مقتول کے والد خورشید احمد نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر اپنے بیٹے کی لاش کی شناخت کی۔
مظفرآباد پولیس نے واقعے سے متعلق تھانہ ممتاز آباد پولیس کو بھی آگاہ کر دیا ہے، جبکہ لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے حسبِ ضابطہ قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔



Leave A Comment