مری ایکسپریس وے پر چلتی ہائی ایس میں آگ، گاڑی جل کر خاکستر، مسافر محفوظ
مری ایکسپریس وے پر راولپنڈی سے آنے والی ایک ٹیوٹا ہائی ایس میں دورانِ سفر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ کے باعث ہائی ایس مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی، تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران مری ایکسپریس وے پر گاڑیوں میں آتشزدگی کا یہ تیسرا واقعہ ہے، جس پر شہریوں اور مسافروں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
واقعے کے دوران نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے بروقت موقع پر نہ پہنچنے کے باعث ابتدائی امدادی کارروائیوں میں تاخیر ہوئی، جبکہ بند یوٹرنز کی وجہ سے ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی اسی شاہراہ پر ایک المناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے بعد سیکیورٹی اور ہنگامی رسپانس کے نظام پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
_2026_06_27_05_40_50_92414489.jpg)


Leave A Comment