وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے بھارت سمیت شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تمام رکن ممالک کو مکالمے کی دعوت دیتے ہوئے ثقافتی تعاون، تاریخی ورثے کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تین نکاتی فارمولا پیش کردیا۔

نئی دہلی میں ایس سی او کے تحت تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے وزارتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کرنے والے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے اردو زبان میں اظہار خیال کیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے مرزا غالب اور علامہ اقبال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مکالمہ مختلف نظریات اور ثقافتوں کے درمیان ہوتا ہے، اگر تمام نظریات ایک جیسے ہوں تو وہ مکالمہ نہیں رہتا۔

ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان گندھارا اور بدھ مت سمیت مختلف قدیم تہذیبوں کا امین ہے۔ پاکستان کے تاریخی اور تہذیبی روابط فارس اور عرب سے لے کر وسطی ایشیا کے تاریخی شہروں بخارا اور سمرقند تک پھیلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے تمام ممالک کو دعوت دی کہ وہ ان تاریخی اور ثقافتی روابط سے فائدہ اٹھائیں۔

وفاقی وزیر نے اجلاس میں تین نکاتی فارمولا پیش کرتے ہوئے ایس سی او ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کے فروغ، تاریخی ورثے کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے تہذیبی آثار کو محفوظ بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کی تجویز دی۔

انہوں نے اس مقصد کے لیے ثقافتی ورثے کے تحفظ سے متعلق ایس سی او نیٹ ورک اور ڈیجیٹل لائبریری قائم کرنے کی تجاویز بھی پیش کیں۔

فورم کے موقع پر ڈاکٹر مصدق ملک اور بھارتی وزیر ثقافت گجندر سنگھ شیخاوت کے درمیان نئی دہلی کے تاریخی پرانے قلعے میں غیر رسمی ملاقات بھی ہوئی، جس میں دونوں وزرا نے کافی دیر تک گفتگو کی۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر نے آذربائیجان کے وزیر ثقافت ڈاکٹر عادل کریمی، کرغزستان کے وزیر مملکت برائے اطلاعات، تاجکستان کی وزیر ثقافت مطلوبہ خان اور نیپال کے وزیر ثقافت کھڑک راج پاوڈل سے بھی ملاقاتیں کیں۔

ایرانی وفد نے بھی ڈاکٹر مہدی ایمانی کی قیادت میں وفاقی وزیر سے ملاقات کی، جس میں ثقافتی روابط اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار