محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار رہے گی۔ سرد ہواؤں اور کم درجہ حرارت کے باعث بالائی علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کی توقع ہے۔
پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے اور ٹریفک کو مشکلات کا سامنا رہنے کا خدشہ ہے۔ موٹرویز اور اہم شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم صبح کے وقت بعض مقامات پر کہرا پڑ سکتا ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی سرد اور خشک موسم متوقع ہے جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں شدید سردی برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، صوبے کے میدانی اضلاع میں دھند کی شدت قائم رہنے کا امکان ہے۔
سندھ کے بالائی اضلاع سکھر، لاڑکانہ، دادو اور اطراف کے علاقوں میں بھی درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پشاور، مردان، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت مختلف علاقوں میں دھند متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم کشمیر میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑ سکتا ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی سرد اور خشک موسم متوقع ہے جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردی کے باعث کم سے کم درجہ حرارت کئی علاقوں میں منفی میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4، قلات میں منفی 7، زیارت میں منفی 9 اور ژوب میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید سردی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بچوں، بزرگوں اور کمزور افراد کا خصوصی خیال رکھا جائے۔



Leave A Comment