اسلام آباد: لانگ مارچ کی تیاریوں اور خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے اپوزیشن رہنماؤں کی اہم بیٹھک ہوئی، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل اور صوبے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں محمود خان اچکزئی، علامہ راجہ ناصر عباس، بیرسٹر گوہر علی خان اور مصطفیٰ نواز کھوکھر نے شرکت کی۔ اجلاس میں مجوزہ لانگ مارچ کی تیاریوں، سیاسی صورتحال اور خیبرپختونخوا میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے بعد بیرسٹر گوہر نے حکومت سے بات چیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات ہونے چاہئیں اور سیاسی رہنماؤں کے خلاف طاقت کے استعمال کا راستہ اختیار نہیں کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے آمنے سامنے ہوں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سہیل آفریدی ہی خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ رہیں گے۔ ان کے مطابق سیاسی جماعتوں کو سیاسی میدان سے نکالنے کے اقدامات کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں گورنر راج کے کسی بھی اقدام کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت عوامی مینڈیٹ سے قائم ہوئی ہے اور وہ کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

خیبرپختونخوا کی صورتحال اور مجوزہ لانگ مارچ کے حوالے سے اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی کشیدگی کے تناظر میں مذاکرات کا مطالبہ بھی سامنے آیا ہے

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار