مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان ان تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط دوطرفہ تعاون کے فروغ کی جانب اہم قدم ہیں۔ مذاکرات میں تجارتی تعلقات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی اور پاکستان دوطرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومتیں اور نجی شعبہ تجارتی تعلقات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ خوش آئند پیش رفت ہے، جبکہ تجارتی حجم بڑھانے کے لیے قوانین اور طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ کاسا 1000 توانائی منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کا قیام بھی خوش آئند ہے۔ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مل کر کام کریں گے جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بھی اتفاق رائے ہوا ہے۔ پاکستان اور کرغزستان مختلف دوطرفہ، علاقائی اور عالمی فورمز پر تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔

وزیراعظم نے کرغز صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔

پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانا چاہتے ہیں: کرغز صدر

کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، اعلیٰ سطح کے روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

شہباز شریف کو صدارتی محل میں گارڈ آف آنر پیش

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں کرغزستان کے صدارتی محل میں پرتپاک استقبالیہ تقریب ہوئی۔ صدارتی محل آمد پر کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف نے وزیراعظم کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔

اس موقع پر پاکستان اور کرغزستان کے قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے کرغزستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی سلامی کا معائنہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے وفود کے ارکان کا ایک دوسرے سے تعارف بھی کرایا۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار