پاکستان نے سعودی عرب سے مؤخر ادائیگی پر تیل کی سہولت مزید بڑھانے کی درخواست کر دی
اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کو درخواست دی ہے کہ مؤخر ادائیگی پر تیل کی سہولت کو ایک سال مزید بڑھایا جائے اور کریڈٹ ٹائم کو ایک سال سے بڑھا کر دو سال یا اس سے زائد کیا جائے۔
معاشی ٹیم اور سعودی حکام کے درمیان بات چیت جاری ہے اور امکان ہے کہ جلد یہ معاملہ فائنل ہو جائے گا۔ موجودہ معاہدے کے تحت سعودی آئل فیسیلیٹی کے تحت پاکستان کو ماہانہ 10 کروڑ ڈالر ملتے ہیں اور اس سہولت کی موجودہ قسط فروری 2026 میں آخری ہوگی۔
ذرائع کے مطابق، موجودہ سہولت کے تحت پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی ادائیگیاں مل چکی ہیں اور اگر یہ سہولت دوبارہ شروع ہو جاتی ہے تو رواں سال سعودی عرب سے مزید 1.2 ارب ڈالر پاکستان پہنچیں گے، جس سے بیرونی ادائیگیوں پر دباؤ کم ہوگا۔
سعودی عرب میں پاکستانی وفد سرمایہ کاری بڑھانے، تجارتی اور اقتصادی تعاون کے لیے اہم ملاقاتیں کر رہا ہے، جہاں سعودی حکام نے ادارہ جاتی اصلاحات، پائیدار اقتصادی ترقی اور استحکام پر زور دیا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان یہ مؤخر ادائیگی پر تیل کی سہولت آئی ایم ایف کے ایکسٹنڈڈ فنڈز فیسیلیٹی پروگرام کے تحت شامل کی گئی تھی، جس کا مقصد بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اگر یہ سہولت جاری رہی تو مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت فروری 2027 تک پاکستان کے لیے دستیاب رہے گی، جبکہ سعودی عرب سے سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع میں بھی اضافہ متوقع ہے۔


_2026_09_14_11_58_06_21669213.jpg)
Leave A Comment