ریاض: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عسکری سربراہان کا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اہم اجلاس ریاض میں ہوا، جس میں تینوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بایراکتاراوغلو اور سعودی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاّض بن حامد الرویلی نے شرکت کی۔

اجلاس میں سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی خطرات اور خطے کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے مکہ مکرمہ سمیت سعودی عرب میں شہری آبادی اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت کی۔

شرکا نے سعودی مسلح افواج کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے مملکت کے عوام اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس میں تینوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون مزید بڑھانے، انٹیلی جنس شیئرنگ، عسکری رابطہ کاری اور دفاعی صلاحیتوں کے انضمام کو بہتر بنانے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام اور مسلح افواج کے درمیان دیرینہ تعلقات اور باہمی اعتماد کو سراہا۔ تینوں ممالک نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت دفاعی تعاون کو مؤثر عسکری تعاون میں تبدیل کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار