مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے، تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریاؤں کے بہاؤ میں مجموعی طور پر استحکام دیکھا گیا، جبکہ دریائے چناب میں طغیانی میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ کالا باغ پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 34 ہزار کیوسک، چشمہ پر 3 لاکھ 70 ہزار کیوسک جبکہ تونسہ بیراج پر 3 لاکھ 13 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے اور اب مرالہ، خانکی، قادر آباد اور تریموں کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ مرالہ پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 43 ہزار کیوسک، خانکی پر 1 لاکھ 38 ہزار کیوسک، قادر آباد پر 1 لاکھ 35 ہزار کیوسک جبکہ تریموں پر 1 لاکھ 84 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

ادارے کے مطابق دریائے ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی کے مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ بلوکی پر پانی کا بہاؤ 81 ہزار کیوسک جبکہ سدھنائی پر 60 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ نارووال کے نالہ بسنتر میں نچلے درجے جبکہ وزیر آباد کے نالہ پھلکو میں اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 5 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہوئی، تاہم دریائے چناب کے بالائی کیچمنٹ ایریاز میں بارشیں رکنے کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلابی صورتحال میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار