تصویری نمائش "تحریک پاکستان ماہ و سال" کا افتتاح کر دیا گیا
ایشیا اردو
کمشنر ملتان ڈویژن و چیئرمین ملتان آرٹس کونسل انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا۔ انہوں نے یہ بات ملتان آرٹس کونسل اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے اشتراک سے منعقدہ تصویری نمائش "تحریک پاکستان ماہ و سال" کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ تصویری نمائش سے بچوں میں تحریک آزادی سے متعلق آگاہی پیدا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی سرگرمیوں سے شہریوں بالخصوص نوجوانوں میں مثبت جذبات پروان چڑھتے ہیں۔ کمشنر ملتان نے جشن آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے حوالے سے ملتان آرٹس کونسل کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل سلیم قیصر کا کہنا تھا کہ تصویری نمائش کا مقصد بچوں اور دیگر شہریوں میں تحریک آزادی سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔ چاہتے ہیں ہماری نوجوان نسل کو علم ہو کہ پاکستان کے حصول کے لیے ہمارے آباءو اجداد نے کیا قربانیاں پیش کیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زاہد اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کی تصویری نمائش میں 1906 میں مسلم لیگ کے قیام سے 1947 میں قیام پاکستان تک اور قیام پاکستان کے بعد مختلف ہیروز کی تصاویر کی نمائش کی گئی ہے۔ ان تصاویر کے ذریعے مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس اور جدوجہد آزادی کی دیگر سیاسی سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ تصویری نمائش کے علاوہ تحریک آزادی سے متعلق کتابوں کے سٹال بھی لگائے گئے جنہیں دیکھنے کے لیے سکول و کالج کے طلباءو طالبات اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی



Leave A Comment