اسلام آباد: ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کی سرگرمیاں آج بھی برقرار رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، کشمیر، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کردی۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق 5 ستمبر تک بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، تاہم 6 ستمبر سے مون سون کی سرگرمیوں میں کمی آنا شروع ہوجائے گی۔ آج بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور دریاؤں کے بالائی کیچ منٹس میں کہیں کہیں شدید سے بہت شدید بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے مختلف ندی نالوں اور دریائے کابل سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا بھی امکان ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں جن میں اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، جہلم، خوشاب، لاہور، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، نارووال، راولپنڈی، سرگودھا، شیخوپورہ اور سیالکوٹ شامل ہیں، بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کے ایبٹ آباد، باجوڑ، بونیر، چارسدہ، مانسہرہ، مردان، نوشہرہ، پشاور، سوات اور دیر سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے سندھ، جہلم، چناب اور راوی کے بہاؤ میں آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران معمولی اضافے کا امکان ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق تربیلا ڈیم اس وقت زیادہ سے زیادہ حفاظتی سطح پر ہے جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ تقریباً 78 فیصد ہے۔ دریائے سندھ کے بعض مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دیگر بڑے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز، نشیبی علاقوں میں احتیاط اور ندی نالوں کے قریب جانے سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار