پنجاب میں اسلحہ ڈیلرز کے لیے ڈیجیٹل انوینٹری لازمی قرار
محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر کے تمام اسلحہ ڈیلرز کے لیے ڈیجیٹل انوینٹری لازمی قرار دیتے ہوئے موجودہ اسلحہ و دیگر متعلقہ سامان کے اسٹاک اور خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ آن لائن پورٹل پر درج کرنے کی ہدایت کردی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق صوبے میں بزنس آرمز لائسنس رکھنے والے ڈیلرز کے لیے انوینٹری ماڈیول نافذ کردیا گیا ہے، جس کے تحت ہر اسلحہ ڈیلر کو اپنے پاس موجود بندوقوں، گولیوں اور دیگر متعلقہ اسٹاک کی مکمل تفصیلات محکمہ داخلہ کے آن لائن پورٹل پر درج کرنا ہوں گی۔
ترجمان کے مطابق اسلحہ کی خرید و فروخت کا ریکارڈ بھی آن لائن اپ ڈیٹ کرنا لازمی ہوگا۔ محکمہ داخلہ نے موجودہ اسٹاک کی آن لائن انوینٹری مکمل کرنے کے لیے 26 اگست 2026 کی حتمی تاریخ مقرر کردی ہے۔
تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں موجود اسلحہ ڈیلرز کی تفصیلات فراہم کردی گئی ہیں اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ مدت میں تمام ڈیلرز کے اسٹاک کا آن لائن اندراج یقینی بنایا جائے، جبکہ ریکارڈ مکمل ہونے کی رپورٹ محکمہ داخلہ کو بھی ارسال کی جائے۔
محکمہ داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں انوینٹری اپ لوڈ نہ کرنے والے اسلحہ ڈیلرز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جاسکتی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں لائسنس معطل کرنے، کاروبار سیل کرنے اور جرمانے سمیت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب اسلحہ ڈیلرز کو نئے آن لائن انوینٹری ماڈیول کے استعمال اور ریکارڈ اپ لوڈ کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی تربیتی ورکشاپ بھی منعقد کی جارہی ہے۔
ترجمان کے مطابق تربیتی ورکشاپ 24 اگست کو صبح ساڑھے 10 بجے پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی آڈیٹوریم میں ہوگی۔ اسلحہ ڈیلرز متعلقہ ڈپٹی کمشنر آفس سے آن لائن بھی ورکشاپ میں شرکت کرسکیں گے۔
ورکشاپ میں ڈیلرز کو آن لائن پورٹل کے استعمال، اسٹاک کی تفصیلات درج کرنے اور خرید و فروخت کا ریکارڈ اپ ڈیٹ کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ انہیں اپنے مسائل اور سوالات بھی پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔



Leave A Comment