کرپشن میں مبینہ طور پر ملوث پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف پنجاب بھر میں کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں، انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران سمیت متعدد اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔

دستیاب ریکارڈ کے مطابق پنجاب بھر میں 210 ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل یا عہدوں سے ہٹایا گیا ہے، جبکہ لاہور میں 42 ماتحت افسران و اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹایا گیا۔

ریکارڈ کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس میں کرپشن کے الزامات پر 41 افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ضلع بھکر میں 19، میانوالی میں 16 اور شیخوپورہ میں 13 افسران و اہلکار عہدوں سے ہٹائے گئے۔

اسی طرح نارووال میں 12، ڈیرہ غازی خان میں 11، بہاولپور میں 9 اور بہاولنگر میں 8 ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کے خلاف کارروائی کی گئی۔

حکام کے مطابق کارروائی کی زد میں کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک تک کے افسران و اہلکار شامل ہیں۔ مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث اہلکاروں کو معطلی، سخت محکمانہ سزاؤں اور کلوز لائن سمیت مختلف کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق دیگر افسران و اہلکاروں کے خلاف بھی انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔

آئی جی پنجاب نے انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی برانچ کو کرپشن کے الزامات پر بروقت کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے بھی مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار