پنجاب کے 13 اضلاع میں نومبر کی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے دوران 93 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ مہم میں 77 ہزار سے زائد اہلکار خدمات انجام دیں گے۔ سربراہ انسداد پولیو پروگرام خالد پرویز کے مطابق لاہور میں مہم سات روز تک جاری رہے گی، جبکہ صوبے کے دیگر 12 اضلاع میں چار روزہ مہم کے دوران ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین پلائیں گی۔ خالد پرویز نے بتایا کہ لاہور میں 22 لاکھ 85 ہزار سے زائد، راولپنڈی میں 9 لاکھ 90 ہزار، ملتان میں 10 لاکھ سے زائد اور رحیم یار خان میں 11 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مہم کے دوران بچوں کو پولیو ویکسین پلانا ضروری ہے، چاہے انہیں گزشتہ مہمات میں بھی قطرے پلائے جا چکے ہوں، کیونکہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے اور ویکسینیشن بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ خالد پرویز نے والدین سے اپیل کی کہ پولیو ٹیموں کی آمد پر اپنے بچوں کو ویکسین پلانے کیلئے دستیاب رکھیں۔ ان کے مطابق ابتدائی دورے میں رہ جانے والے بچوں تک پہنچنے کیلئے فالو اَپ سرگرمیاں بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے مقامی رہنماؤں اور علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ والدین میں پولیو ویکسین کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی پیدا کریں۔ سربراہ انسداد پولیو پروگرام کا کہنا تھا کہ صوبے کے تمام ہدف شدہ اضلاع میں ہر بچے تک رسائی اور پولیو کے خاتمے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار