مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ
لاہور: مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔ تربیلا میں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 36 ہزار کیوسک جبکہ چشمہ میں 3 لاکھ 2 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
ادارے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ اور قادر آباد کے مقامات پر بھی نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ مرالہ پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 95 ہزار کیوسک، خانکی پر 2 لاکھ 62 ہزار کیوسک اور قادر آباد پر 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج اور دریائے جہلم میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 73 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جسڑ شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی پر بھی صورتحال معمول کے مطابق ہے۔
مزید بتایا گیا کہ نارووال کے نالہ بسنتر میں درمیانے درجے جبکہ گجرات کے نالہ بھمبر اور وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال موجود ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث دریاؤں اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے، اس لیے متعلقہ ادارے مکمل الرٹ ہیں اور شہریوں سے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔



Leave A Comment