پنجاب: دیہی خواتین کے روزگار کے لئے بڑا منصوبہ تیار، رجسٹریشن شروع
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی خواتین کو ہنرمند بنانے اور باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے ’’شی تھریڈ‘‘ پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر 1150 دیہی خواتین کو ٹیکسٹائل کے شعبے میں تربیت دے کر برسرِ روزگار بنایا جائے گا، جبکہ وزیراعلیٰ نے جون تک 2500 خواتین کی ٹریننگ مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ پروگرام میں شریک خواتین کو تربیت کے دوران ماہانہ 15 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا اور کورس مکمل کرنے کے بعد ٹیکسٹائل انڈسٹری میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کے زیرِ اہتمام لاہور میں دیہی خواتین کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے۔ پروگرام کے تحت خواتین کو انڈسٹریل سلائی مشین آپریٹر اور اپیرل سپروائزر کی تربیت دی جائے گی، جس کے لیے لاہور کے قریب ملتان روڈ پر واقع شاہکام انڈسٹری میں تربیتی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ تین ماہ کے کورس میں کلاس روم تدریس کے ساتھ عملی تربیت بھی شامل ہوگی۔ پروگرام میں 18 سے 45 سال عمر کی وہ خواتین درخواست دے سکتی ہیں جن کے پاس پنجاب کا رہائشی ڈومیسائل اور کم از کم میٹرک کی تعلیمی قابلیت ہو۔ خواہش مند امیدوار قومی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل کے ہمراہ شاہکام انڈسٹریز میں درخواست جمع کرا سکتی ہیں۔ ابتدائی جانچ پڑتال اور اہلیت کی تصدیق کے بعد داخلے سے قبل امیدواروں کو حلف نامہ بھی جمع کروانا ہوگا۔ رجسٹریشن اور دیگر معلومات اسسٹنٹ کمشنرز، یونین کونسل سیکرٹریز اور متعلقہ ضلعی دفاتر سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے مطابق پروگرام کا مقصد دیہی خواتین کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر سکھا کر ٹیکسٹائل انڈسٹری میں باوقار روزگار کے قابل بنانا ہے۔



Leave A Comment