صادق آباد: گھر میں گھس کر فائرنگ، سردار عالمگیر کوش سمیت 3 افراد قتل
راجن پور: موضع بوہی واڑ میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کچہ سرنڈر پالیسی کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے سردار عالمگیر کوش سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے گھر میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کی زد میں آکر سردار عالمگیر کوش، ناظم کوش اور ان کا گارڈ معشوق موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واردات کے بعد مسلح ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مقتول سردار عالمگیر کوش نے کچہ کے جرائم پیشہ عناصر کو سرنڈر کرانے اور سرنڈر پالیسی کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق سردار عالمگیر کوش کی گرفتاری پر بھی 50 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ ڈی پی او نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات اور فائرنگ میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائی کی جا رہی ہے۔



Leave A Comment