ملتان، پولیس کی موجودگی میں واردات ، شیر شاہ روڈ پر شہری کو فائر مار کر موٹر سائیکل چھین لی گئی،اہلکار معطل
ملتان (کرائم رپورٹر) ملتان کے تھانہ مظفرآباد کی حدود میں واقع شیر شاہ روڈ پر فائرنگ اور موٹر سائیکل چھیننے کی سنگین واردات پیش آئی، جس میں نامعلوم مسلح ملزمان نے ایک شہری کو فائر مار کر اس کی موٹر سائیکل چھین لی اور موقع سے فرار ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واردات کے وقت تھانہ مظفرآباد کی پولیس موبائل علاقے میں گشت پر موجود تھی، جبکہ سیف سٹی کی جانب سے بھی بروقت کال چلا دی گئی کہ واردات ہو رہی ہے، تاہم اس کے باوجود ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے فوری طور پر ملزمان کو قابو نہ کرنے اور تعاقب نہ کرنے پر سوالات اٹھائے گئے۔
واقعہ سامنے آنے پر اعلیٰ پولیس حکام نے سخت نوٹس لیتے ہوئے تھانہ مظفرآباد میں تعینات اے ایس آئی طاہر الٰہی، دو کانسٹیبلز اور ایک ڈرائیور کو معطل کر کے محکمانہ انکوائری شروع کر دی۔
دوسری جانب پوکیس زرائع کے مطابق واردات کے وقت جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھے بلکہ ایک ریڈ پر جا رہے تھے اور موقع واردات سے تقریباً دو کلومیٹر دور تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ جیسے ہی سیف سٹی کی کال موصول ہوئی، وہ فوری طور پر موقع کی طرف روانہ ہو گئے، تاہم سیف سٹی کال سے موقع پر پہنچنے تک تقریباً دس منٹ کا وقت لگا، اور اس دوران ملزمان فائرنگ کر کے فرار ہو چکے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، سیف سٹی ڈیٹا، پولیس موبائل کی لوکیشن اور ٹائم لائن کی بنیاد پر ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ واقعے کے بعد شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔



Leave A Comment