ایشیا اردو

 ملتان میں خود کشی کی کوشش کرنے والی روسی لڑکی اسلام آباد میں بھی گرفتار کر لی گئی، لڑکی نے ہوٹل سے فرار ہو کر ڈپلومیٹک انکلیو گھسنے کی کوشش کی۔ جمعرات کی شب کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس کی اس وقت دوڑیں لگ گئیں جب ایک مشکوک خاتون نے ڈپلومیٹک انکلیو میں زبردستی گھسنے کی کوشش کی۔
ذرائع کی رپورٹ کے مطابق ڈپلومیٹک انکلیو میں گھسنے کی کوشش کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ خاتون کا تعلق روس سے ہے جو حال ہی میں پاکستان آئی تھی۔ یہ وہی خاتون ہے جو دبئی سے ملتان پہنچی تھی اور وہاں خود کشی کی کوشش بھی کرچکی۔ آئی کرسٹیا نامی روسی لڑکی کی دبئی میں سانگلہ ہل کے علاقے سے تعلق رکھنے والے عبد اللہ نامی نوجوان سے دوستی ہوئی تھی اور دونوں ساتھ ہی رہتے تھے۔
تاہم بعد ازاں عبد اللہ اپنی دوست کو چھوڑ کر پاکستان واپس آگیا۔ عبد اللہ کی دبئی سے واپسی کے بعد روسی لڑکی بھی اپنے دوست کی تلاش کیلئے پاکستان آ گئی اور ملتان کے ایک ہوٹل میں قیام کیا۔ خاتون نے اپنے دوست کو تلاش کرنے کی کافی کوشش کی تاہم اس کوشش میں ناکامی کے بعد آئی کرسٹیا دلبرداشتہ ہو گئی۔ پولیس کے مطابق روسی لڑکی نے خود کی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی اور ہوٹل کی کھڑکی سے کود گئی، تاہم اس اقدام کے نتیجے میں لڑکی کو معمولی چوٹیں ہی آئیں۔
اس واقعے کے بعد پولیس نے خاتون کو حراست میں لے کر اسلام آباد میں روسی سفارت خانے بھجوا دیا تھا، جہاں سفارتی حکام نے خاتون کو ایک نجی ہوٹل میں ٹھہرایا۔ تاہم خاتون جمعرات کے روز ہوٹل سے بھی نکل گئی۔ جبکہ روسی سفارت خانے نے فارن آفس کو خاتون کا ویزا منسوخ کرنے کا خط لکھ دیا ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار