اینٹی کرپشن سرگودھا کی بڑی کارروائی،رشوت لے کر ملزم کو بے گناہ کروانے والا ریٹائرڈ ہیڈ کانسٹیبل گرفتار
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سرگودھا نے قتل کے ایک مقدمے میں ملزم کو بے گناہ کروانے کے لیے بھاری رشوت وصول کرنے والے ریٹائرڈ ہیڈ کانسٹیبل کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق حمید اللہ خان، ہیڈ کانسٹیبل (ریٹائرڈ) نے دفعہ 302 کے مقدمے میں نامزد ملزم کو بری کروانے کے عوض 25 لاکھ روپے رشوت وصول کی تھی۔ اس سنگین الزام پر اینٹی کرپشن نے باقاعدہ تحقیقات کے بعد کارروائی عمل میں لائی۔
تفصیلات کے مطابق خانزمان خان ولد احمد خان سکنہ کمرمشانی نے ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا کو درخواست دی کہ اس کے بھانجے نعمت اللہ خان کو قتل کے مقدمے سے بے گناہ کروانے کے لیے حمید اللہ خان (ریٹائرڈ ہیڈ کانسٹیبل) اور سلامت اللہ خان، کانسٹیبل نے افسران کے نام پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے 25 لاکھ روپے رشوت وصول کی۔
درخواست موصول ہونے پر مدثر حنیف بھٹی، ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا نے فوری ایکشن لیتے ہوئے فرخ سہیل سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹر (تفتیش) اینٹی کرپشن میانوالی کو انکوائری کا حکم دیا۔ انکوائری کے دوران گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے اور تمام متعلقہ شواہد اکٹھے کیے گئے، تاہم ملزمان اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
انکوائری مکمل ہونے پر ملزمان کے خلاف رشوت لینے کے جرم میں مقدمہ نمبر 11/2025 تھانہ اینٹی کرپشن میانوالی میں درج کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ مقدمے کی تفتیش ناصر عزیز خان، سرکل آفیسر اینٹی کرپشن میانوالی کے سپرد کی گئی۔
دورانِ تفتیش، تفتیشی افسر نے ریڈنگ ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے حمید اللہ خان، ہیڈ کانسٹیبل (ریٹائرڈ) کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چھٹہ اور حکومت پنجاب کے ویژن کے تحت کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا، اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔



Leave A Comment