پاکستان ڈیجیٹل نیشن کے وژن پر عمل پیرا ہے، شزہ فاطمہ
ریاض: وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل نیشن کے وژن پر عمل پیرا ہے، جبکہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی ناگزیر اہمیت اختیار کرچکی ہے۔
وفاقی وزیر شزہ فاطمہ نے ریاض میں لیپ فائیو 2026 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں ٹیکنالوجی کے استعمال اور فروغ پر توجہ دی جارہی ہے، جبکہ آئی ٹی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات بھی کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی کے لیے دیرپا اقدامات کیے جارہے ہیں اور غیر ملکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جارہا ہے۔
شزہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت ڈیجیٹل گورننس کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ سرکاری خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر اور جدید بنایا جاسکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں جدید تربیت فراہم کی جارہی ہے، جس کا مقصد انہیں جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرکے عالمی مارکیٹ میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کے فروغ، ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور نوجوانوں کی فنی تربیت سے پاکستان کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔



Leave A Comment