آسان اقساط پر اسمارٹ فونز اسکیم میں پیش رفت، فریم ورک پر اتفاق
پاکستان میں اسمارٹ فونز کو عام صارفین تک آسان اقساط پر پہنچانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزارت آئی ٹی، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور ٹیلی کام آپریٹرز کے درمیان مشاورت مکمل ہو چکی ہے، جس کے بعد اس منصوبے کے فریم ورک پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق "اسمارٹ فون فار آل" منصوبے کے تحت صارفین کو قسطوں پر موبائل فون فراہم کرنے کے لیے پالیسی ڈائریکٹو بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ ابتدائی طور پر نومبر 2022 میں متعارف کرایا گیا تھا جس کا مقصد ڈیجیٹل رسائی کو فروغ دینا ہے۔
مشاورت کے دوران ٹیلی کام آپریٹرز نے مالیاتی خطرات اور قانونی پیچیدگیوں کے حل پر زور دیا۔ اس حوالے سے طے پایا ہے کہ اگر کوئی صارف قسطوں کی ادائیگی میں نادہندہ ہو جاتا ہے تو اس کے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ موبائل اور ٹیلی کام سروسز بلاک کی جا سکیں گی۔ اس کے علاوہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ایسے صارفین کے موبائل فون بھی بلاک کرے گی۔
تاہم حکومت نے نادہندگان کے بینک اکاؤنٹس اور کریڈٹ کارڈز بند کرنے کی تجویز مسترد کر دی، مؤقف اختیار کیا گیا کہ مالیاتی خدمات کو محدود کرنا اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
مزید یہ کہ نادہندہ صارف کسی دوسرے آپریٹر کی سروس بھی حاصل نہیں کر سکے گا، جس سے ادائیگی کے نظام کو مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ حکام کے مطابق پالیسی ڈائریکٹو کے اجرا کے بعد تمام ٹیلی کام کمپنیوں پر اس پر عملدرآمد لازم ہوگا، جبکہ موبائل فون مینوفیکچرنگ کمپنیوں سے بھی رابطے جاری ہیں۔
_2026_04_06_15_30_04_82362817.jpg)

_2026_10_26_15_14_45_48540551.jpg)
Leave A Comment