حکومت سے مذاکرات کامیاب، پیٹرولیم ڈیلرز ہڑتال ختم کرنے پر رضامند
ایشیا اردو
حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کے دوران معاہدہ طے پا گیا اور ڈیلر مارجن میں 99 پیسے فی لیٹر اضافے پر اتفاق کرلیا گیا ہے جبکہ پٹرولیم ڈویژن ،ای سی سی اور وفاقی کابینہ سے 99 پیسے اضافے کی منظوری لے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی ہے۔
قبل ازیں پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے جمعرات کو ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا تھا جس کے بعد مختلف شہروں میں پٹرول پمپ بند رہے جس کےباعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اکثر پمپوں پر پٹرول ناپید ہوگیا ،کئی جگہوں پر عوام کی بڑی تعداد پٹرول حاصل کرنے کے لئے طویل قطاروں میں اذیت برداشت کرتی رہی۔
لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پٹرول نہ ملنے کے باعث شہری سراپا احتجاج رہے ۔
دوسری جانب پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جمعرات کے بعد جمعہ کو بھی ہڑتال جاری رہے گی،حکومت کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں ہوا اور نہ ہی ہمارے مطالبات تسلیم کئے جارہے ہیں،حکومت کی زبانی یقین دہانیوں پر ہمیں کوئی اعتبار نہیں کیونکہ ہمیں یقین دلایا گیا تھا کہ مارجن میں اضافہ کردیا جائے گا۔



Leave A Comment