ملتان: بُدھلہ سنت پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک اور شاندار کامیابی حاصل کر لی۔ ممبر قومی اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی کا قیمتی آئی فون تھانہ بُدھلہ سنت کی حدود سے چوری ہو گیا تھا، جسے پولیس نے چند ہی گھنٹوں میں جدید تکنیکی وسائل کی مدد سے ٹریس کر کے برآمد کر لیا۔
یہ کامیاب کارروائی ایس ایچ او تھانہ بُدھلہ سنت مہر شاہد نواز ہراج کی نگرانی میں عمل میں آئی، جس دوران ملزم شوکت عرف عابد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملزم کی نشاندہی کی گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے چوری شدہ موبائل فون برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کی اس مؤثر اور برق رفتار کارروائی پر عوامی اور سماجی حلقوں نے بُدھلہ سنت پولیس کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ شاندار کارکردگی کے اعتراف میں آر پی او ملتان چوہدری سہیل احمد نے ایس ایچ او مہر شاہد نواز ہراج کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے نوازا۔
اس موقع پر ایم این اے سید علی موسیٰ گیلانی بھی موجود تھے، جنہوں نے کم وقت میں موبائل فون ٹریس کرنے پر ایس ایچ او شاہد نواز ہراج اور ملتان پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس کارروائی کو پولیس کی بہترین کارکردگی کی واضح مثال قرار دیا۔
بعد ازاں سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے برآمد شدہ موبائل فون باقاعدہ طور پر ایم این اے سید علی موسیٰ گیلانی کے حوالے کیا۔ علی موسیٰ گیلانی نے آر پی او ملتان سہیل احمد چوہدری اور سی پی او صادق علی ڈوگر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ فون کی کامیاب برآمدگی پر پولیس افسران میں اعزازی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار