ٹرمپ نے 3 بڑے میڈیا اداروں پر وائٹ ہاؤس میں کوریج پر پابندی لگا دی
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے CNN، MS NOW اور پولیٹیکو کو وائٹ ہاؤس سے کوریج کرنے سے روکنے کا اعلان کرتے ہوئے تینوں اداروں پر اپنی اور اپنی انتظامیہ کے حوالے سے مبینہ طور پر ’’جعلی خبریں‘‘ رپورٹ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ٹرمپ نے یہ اعلان 18 ستمبر 2026 کو کیا اور کہا کہ پابندی فوری طور پر نافذ ہوگی۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے بیان میں کہا کہ میڈیا اداروں کو صدر، امریکی انتظامیہ یا امریکا سے متعلق ’’جھوٹی‘‘ خبریں مسلسل شائع یا نشر کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید میڈیا اداروں کے خلاف بھی اسی نوعیت کی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ مزید اداروں کو پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اعلان کردہ پابندی عملی طور پر کس طرح نافذ کی جائے گی۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اعلان کے بعد بھی CNN، MS NOW اور پولیٹیکو کے صحافی وائٹ ہاؤس کے احاطے میں موجود اور اپنے فرائض انجام دیتے رہے۔
CNN اور پولیٹیکو نے ٹرمپ کے اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی رپورٹنگ اور آئینی حقوق کا دفاع کریں گے۔ اس اقدام کو قانونی چیلنج کا سامنا ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ آزادیٔ صحافت سے متعلق تنظیموں نے بھی اس پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔



Leave A Comment