تہران/واشنگٹن/ریاض: امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کا سلسلہ 31ویں روز میں داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ تازہ حملوں میں تبریز کے ایک پیٹروکیمیکل پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا جبکہ تہران اور کرج کے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔

ایرانی حکام کے مطابق حملے میں صنعتی تنصیب کو نقصان پہنچا تاہم کسی خطرناک یا زہریلے مادے کے اخراج کی اطلاع نہیں ملی۔ پاسداران انقلاب نے نیوی کمانڈر علی رضا تنگسری کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اسرائیلی حملوں میں زخمی ہونے کے بعد جانبر نہ ہو سکے۔

ایران کی جانب سے جوابی کارروائی میں اسرائیل پر میزائل حملے کیے گئے، جس کے باعث اسرائیلی پارلیمنٹ کا اجلاس مؤخر کر دیا گیا اور ارکان کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق ان حملوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب لبنان میں بھی اسرائیلی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں جانی و مالی نقصان میں اضافہ ہو رہا ہے اور بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔

عراق کے دارالحکومت بغداد میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جہاں امریکی زیرِ استعمال فوجی اڈے کو راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ حملوں کے نتیجے میں فوجی ساز و سامان کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

ادھر ایران نے سعودی عرب میں واقع ایک امریکی ایئر بیس کو بھی میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جس میں اہم فوجی اثاثوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

خطے میں جاری اس کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے اور صورتحال بدستور غیر یقینی کا شکار ہے۔

 

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار