وہاڑی: موٹر سائیکل چور گینگ کے 2 ارکان گرفتار، 12 مقدمات ٹریس
وہاڑی: ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال کی ہدایات پر تھانہ دانیوال پولیس نے موٹر سائیکل چور گینگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ 12 مقدمات ٹریس کرکے 8 لاکھ روپے مالیت کی 7 چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ذوہیب شیخ عرف زیبی سکنہ دانیوال اور کاشف بھٹی سکنہ بھٹہ شادی خان کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان وہاڑی اور گردونواح کے علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کرکے مختلف علاقوں میں فروخت کرتے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے 7 چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی گیجٹس کی مدد سے گینگ کو ٹریس کیا۔ کارروائی ایس ایچ او تھانہ دانیوال حماد الحسن بودلہ، اے ایس آئی ریاض اور پولیس ٹیم نے انجام دی۔
ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال نے کہا کہ منظم اور متحرک جرائم پیشہ گینگز کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات جاری رہیں گے۔



Leave A Comment