اسرائیل کے نہتے فلسطینیوں پر مظالم جاری ہیں ، صیہونی فوج کی خان یونس ، رفح ،جبالیہ کیمپوں پر بمباری کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 165 فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فوج النصر ہسپتال کے اطراف اور خان یونس اور پناہ گزین کیمپوں پر رات بھر راکٹ اور بم برساتی رہی ، وسطی غزہ کےبوریج کیمپ پر بمباری میں 5فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ رفح میں گاڑی پر بم حملے میں 4افراد جان سے گئے۔
القسام بریگیڈز کے مطابق وسطی غزہ میں حماس جنگجواور اسرائیلی فوج آ منے سامنے آگئی ، بوریج کیمپ کے قریب جنگجوؤں نے صیہونی فوج کے ٹھکانوں پر مارٹر گولوں سے حملہ کیا اور متعدد ٹھکانے تباہ کردیے ، حملوں میں کئی فوجی زخمی ہوگئے ۔
علاوہ ازیں جنوبی لبنان کے بارڈر پر بھی ڈرون حملے میں متعدد شہری شہید ہوگئے ، صیہونی فورسز کی جانب سے مغربی کنارے میں بھی فلسطینیوں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے اور اب تک 6 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
غزہ میں جنگ بندی کی جائے : سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کو اجتماعی موت کا سامناہے، بار بار کہوں گا کہ غزہ میں جنگ بندی کی جائے۔
انتونیو گوتریس غزہ کے تذکرے پر رنجیدہ ہوگئے ، ان کاکہنا تھا کہ معصوم فلسطینی بموں کا نشانہ بن کرمررہے ہیں ، فلسطینیوں کو غذا اور پانی کی بجائے موت مل رہی ہے، اسرائیل کو انسانی ہمدردی کے تحت جنگ بندی کرنا ہوگی ۔
اقوام متحدہ کی ویمن ایجنسی نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں خواتین کی شہادتوں پر نسلی خاتمے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں ہر ایک گھنٹے میں دو ماؤں کو قتل کیا جارہا ہے اور غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مرنے والوں میں 70 فیصد عورتیں اور لڑکیاں شامل ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم کی ہٹ دھرمی برقرار
دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایک بار پھر فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت کردی ہے ، نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کو تباہ کرنے کے بعد اسرائیل کو چاہئے کہ وہ غزہ کی سکیورٹی سنبھال لے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ غزہ اسرائیل کیلئے مزید خطرہ نہ بنے۔
ایک روز قبل بائیڈن نے نیتن یاہو کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی تھی، جس کی تفصیلات وائٹ ہاؤس نے صرف مبہم طور پر واضح کی تھیں۔
ادھر تل ابیب میں ہزاروں افراد نےاحتجاجی مظاہرے کے دوران اسرائیلی وزیراعظم اور حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے نیتن یاہو کو ہٹاکر نئے انتخابات کا مطالبہ کردیا۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بننے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 24 ہزار 927 ہوچکی ہے جبکہ62 ہزار سے زائد زخمی ہیں ۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار