تحریر:  ارم سلیمی

                ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ

                کورونا وبا نے جہاں پوری دنیا کو متاثر کیا وہاں سوشل میڈیا کی طاقت اور اس کے منفی اثرات سے بھی روشناس کروایا ہے۔کورونا وبا کے آغاز سے لے کر کووڈ ویکسین کی دریافت تک مختلف قسم کے ہوش ربا انکشافات منظر عام پر آئے،ویکسین لگوانے والے افراد میں برقی لہروں کے ساتھ غیر مرئی مخلوق سے رابطے سے لے کر انسان کے تولیدی نظام کی تباہی تک باتیں کی گئیں۔مسلمانوں کی نسل کشی پر خاص روشنی ڈالی گئی، ویسے تو پولیو ویکسین سمیت کئی اور ویکسین بارے بھی یہی خیال کیا جاتاہے، لیکن کورونا ویکسین بارے غلط فہمی سب پر سبقت لے گئی  ویکسین کیسے کام کرتی ہے یہ سمجھے بنا ایسی غلط فہمیوں نے جنم لیا کہ سائنس بھی شرما گئی۔ویکسین لگوا لینے سے مدافعتی نظام اوور لوڈیڈ ہو جا نا، ویکسین نہ لگوانے کی نسبت لگوانے والوں کا بیمار پڑ جانا، حفظان صحت اور بہترین غذائیت کا شرح امراض کو از خود کم کردینا، فطری قوت مدافعت ٹیکہ سے حاصل کردہ قوت مدافعت سے بہتر ہونااور سب سے بڑھ کر کورونا جیسی وبا کے وجود سے انکاری ہونا جیسے تصورات ہمارے معاشرتی سوچ کا حصہ بنے۔ایسے میں بار بار نہ صرف ویکسین کی افادیت بارے آگاہی دینا بلکہ یہ قائل کرنا کہ خود کو اور اپنے پیاروں کو بچائیں، ایک محنت طلب صبر آزما عمل ہے۔حکومت پنجاب بار بار ویکسی نیشن کی اہمیت پر زور دے رہی ہے، ویکسی نیشن ٹارگٹ کے حصول پر خا صا فوکس کیا جارہا ہے اور ویکسی نیشن مراکز قائم کرکے مفت ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ صحت کی جانب سے خصوصی مہم کورونا ویکسین سہولت ہر دہلیز تک کا خصوصی آغاز کیا گیا جوکہ 25اکتوبر تا 12نومبر تک جاری رہے گی۔ یہ خصوصی مہم دور دراز دیہات اور محلہ جات کے باسیوں کی سہولت کے لئے چلائی جارہی ہے۔مہم کے دوران ٹیمیں ہر محلے، گاؤں میں جاکر خصوصی طور پر ویکسین لگا رہی ہیں اس مہم میں بھرپور عوامی شمولیت سے کورونا وبا کے خاتمے  اور صحت مند معاشرے کے فروغ میں مدد ملے گی۔

                ہمیں یہ بھی سمجھنا ہے کہ صرف ترقی یافتہ ممالک کی مثالیں دینے سے ملک میں بہتری نہیں آتی۔ترقی یافتہ قوموں کی طرح اپنا کردار  ادا کرنا پڑتا،وطن عزیز کے مفاد کو عزیز تر رکھنا پڑتا ہے۔ویکسین لگوانا اور اس بارے دوسروں کو آگاہ کرنا ہمارا قومی فرض ہے اورغلط فہمیوں کا قلع قمع کرنا ہم پر لازم ہے، لوگوں کو بتا نا ہوگا کہ کورونا وبا ایک موذی وبا ہے۔صرف پنجاب بھر میں اب تک 12880قیمتی جانوں کے ضیاع کے ساتھ 650ارب روپے کا معاشی نقصان ہوا ہے۔زندگی ماؤوف ہوکر رہ گئی ہے،خوف کاسماں ہے۔ اپنے پیاروں کو ہاتھ لگانے، چھونے سے ڈر لگتا ہے۔ زندگی کی رونقیں بحال کرنے کیلئے سمجھنا ہوگا،سمجھانا ہوگا اور یہ بتانا ہوگا کہ کورونا ویکسین محفوظ ہے۔افواہوں پر کان نا دھریں، ویکسین کی سیدھی سائنس یہ ہے کہ عوام کوموذی بیماری سے محفوظ رکھنے کیلئے یہ ایک سادہ محفوظ اور موثر طریقہ ہے۔ کووڈ 19ویکسین مدافعتی نظام کے ذریعے ہمیں سارس کووڈ وائرس سے بچاتی ہے۔ یہ مدافعتی نظام اس وائرس کا سامنا ہونے پر اس کے خلاف لڑنے میں مدد کرتا ہے۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ ہم اپنے اردگرد موجود لوگوں کی حفاظت کرتے ہیں اگر ہم نے ویکسین لگوائی ہے تو ہماری وجہ سے دوسرے لوگوں میں انفیکشن پھیلنے کا خطرہ کم ہوجاتا ہے، جو ویکسین شہریوں کو فراہم کی جارہی ہے وہ تمام تر تحقیقات سے گزر چکی ہے اور ہر ایک کے لئے محفوظ، موثر اور موزوں ہے جو لوگ کووڈ سے متاثر ہوچکے ہیں انہیں بھی ویکسین لگوانی چاہیے کیونکہ کووڈ کی صورت میں مدافعت ہر شخص کو انفرادی طور پر حاصل ہوتی ہے اوراس بات کی کوئی وضاحت موجود نہیں ہے کہ قدرتی انفکیشن سے مدافعت کتنا عرصہ رہتی ہے صرف ایک بات کا ثبوت موجو دہے کہ اس وبا کی لہر میں ویکسین نہ لگوانے والے سب سے زیادہ متاثرہیں اور کوروناوبا سے متعلق زیادہ مسائل بھی ایسے افراد میں بڑھ رہے ہیں جنہوں نے یا تو ویکسین نہیں لگوائی یا پھر کسی شدید بیماری میں پہلے سے مبتلاء رہے ہیں۔حکومت پنجاب کی جانب سے ویکسین کی سہولت گلی گلی،کوچہ کوچہ فراہم کردی گئی ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ ایک ذمہ دار پاکستانی کی طرح خود کو بچائیں، خاندان بچائیں، پاکستان بچائیں۔بقول شاعر۔

                                تم بھی جاگو کہ یہ اعلان سحر خواب نہیں

                                آؤ ہم لوگ بھی اِک عزم سے اِک ہمت سے

                                اپنے بیتے ہوئے حالات کو ٹھکرا کر چلیں

                                اپنی فرسودہ روایات کو ٹھکرا کر چلیں

                                جشن نوروز کو گیتوں کی ضرورت ہوگی

                                آؤ ہم ریت پر وہ نقش قدم چھوڑ چلیں

                                جن کی آتی ہوئی نسلوں کو ضرورت ہوگی

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار