ملتان (     )محکمہ زراعت کے زیر اہتمام ایگریکلچر سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں آم اور ترشاوہ باغات کی مینجمنٹ کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے تربیتی ورکشاپ کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبہ میں آم کی کل کاشت کا 94 فیصد جبکہ ترشاوہ باغات کا 15 فیصد جنوبی پنجاب میں کاشت ہو رہا ہے۔ محکمہ زراعت جنوبی پنجاب نے باغات کی بہتر مینجمنٹ کیلئے بھرپور مہم کا آغاز کردیا ہے۔ اس ضمن میں فیلڈ ٹیموں کو خصوصی ٹاسک سونپا جائے گا تاکہ بہتر مینجمنٹ کے اصولوں پر عملدرآمد سے ان باغات کو مزید منافع بخش بنایا جاسکے۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستانی پھل اپنی غذائی اہمیت کے ساتھ دنیا بھر میں قیمتی زرمبادلہ کا بھی اہم ذریعہ ہیں۔ اس وقت ہم پھلوں کی پیداوار کا صرف 15 سے 16 فیصد تک برآمد کر کے قیمتی زرمبادلہ کما رہے ہیں جبکہ اس حجم کو باغات کی بہتر مینجمنٹ، باکفایت آبپاشی، نیوٹریشن، پیسٹ مینجمنٹ اور سائنسی طریقوں کو اختیار کر کے کافی حد تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ کوالٹی اور بہتر پیداوار کے حصول کیلئے آم اور ترشاوہ پودوں کی ایسی اقسام کی کاشت بارے سفارش کی جائے جن کی پیداواری صلاحیت زیادہ ہونے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک مانگ بھی ہو۔ انہوں نے کہا کہ مختلف پھلوں پر حملہ آور ہونے والے کیڑوں کے کنٹرول کیلئے صرف زرعی زہروں پر انحصار کیا جارہا ہے۔ اس طریقہ کار کو اب تبدیل کرنا ہوگا۔ کیونکہ دنیا میں زرعی زہروں کے اثرات سے پاک پھلوں کی ڈیمانڈ ہے۔ بہتر پیداوار اور اعلیٰ معیار کے حصول کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا اس سلسلہ میں موسمیاتی تبدیلیوں اور مارکیٹ ڈیمانڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے نئے طریقے متعارف کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ باغات کی بہتر مینجمنٹ کیلئے کلچرل، مکینیکل اور بائیولوجیکل کنٹرول کے طریقوں کو فروغ دیا جائے۔ کیمیائی کھادوں کا متبادل بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پھلوں کی برداشت کے بعد کانٹ چھانٹ کے عمل کو 100 فیصد یقینی بنایا جائے۔ زمین کے درجہ حرارت اور نمی کو کنٹرول کرنے کیلئے ملچنگ بہت اہم قدم ہے اس سلسلہ میں کاشتکاروں کو بروقت جامع اور مفصل ایڈوائزری پہنچائی جائے تاکہ کاشتکار اس پر عمل کرکے اپنی پیداوار اور معیار میں اضافہ ممکن بناسکیں۔ تربیتی ورکشاپ میں پرنسپل سائنٹسٹ مینگور ریسرچ انسٹیٹیوٹ عبدالغفار گریوال نے آم جبکہ اکبر حیات سگونے ترشاوہ باغات کی مینجمنٹ بارے شرکا کو تفصیلی لیکچر دئیے۔
0-0-0-0-0

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار