ایشیا اردو

دھان کی فصل کے ضرر رساں کیڑوں کو کنٹرول کرنے والی زرعی زہر کا سبزیوں پر استعمال کرنے کا انکشاف۔ محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ نے ڈپٹی ڈائریکٹر ذوالفقار علی کی زیر نگرانی انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان میں ہیکسٹار کیمیکلز انٹرپرائزز کے سٹورپر چھاپہ مارکر لاکھوں روپے مالیت کی زرعی زہر پکڑ لی۔ قبضہ میں لی گئی زرعی زہر کی مالیت 10 لاکھ 60 ہزار روپے بنتی ہے۔ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ نمبر /DPP/2012(4904)(Generic) کے مطابق زرعی زہر پروون 5%SC دھان کی فصل کے ضرر رساں کیڑوں (سٹم بورر، پلانٹ ہاپر، لیف فولڈر) کو کنٹرول کرنے کیلئے سفارش کی گئی ہے جبکہ مطابق لیبل مذکورہ زہر دھان کی فصل کے ساتھ ساتھ سبزیات (پھول گوبھی، بند گوبھی) کے ضرر رساں کیڑوں ڈائمنڈ بیک ماتھ (چمکیلا پروانہ) کو بھی کنٹرول کرنے کیلئے سفارش کی گئی ہے جوکہ دھوکہ دہی ہے اور رجسٹریشن کے غیر قانونی استعمال کے زمرے میں آتی ہے۔ فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن کے مطابق مذکورہ زہر پر اضافی معلومات خود ساختہ طور پر درج کی گئی ہیں جوکہ غیر قانونی عمل ہے۔ لیبل پر خود ساختہ معلومات درج کرنے اور رجسٹریشن کے غیر قانونی استعمال پر ملزم فرخ سعید درانی چیف ایگزیکٹیو ہیکسٹار کیمیکلز انٹرپرائزز کیخلاف زیر دفعہ 23(a)، 21-A آ ف ایگریکلچرل پیسٹی سائیڈز آرڈیننس کے تحت تھانہ مظفر آباد میں پیسٹی سائیڈ انسپکٹر ولی محمد کی مدعیت میں ایف آئی آر کے اندراج کیلئے استغاثہ جمع کرادیا گیا ہے۔ پکڑی جانیوالی جعلی زرعی زہر بطور مال مقدمہ قبضہ میں لیکر حوالہ پولیس کردی گئیں۔ موقع پرزرعی زہر کے نمونہ جات حاصل کرکے تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھجوا دئیے گئے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار