ایشیا اردو

محکمہ زراعت توسیع ملتان کے ٹریننگ ہال میں ضلع کی سطح پر گندم کے پیداواری مقابلہ برائے سال 2021-22کے دوران جیتنے والے کاشتکاروں میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس امتیاز احمد وڑائچ نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ گندم کے پیداواری مقابلہ میں ضلع کی سطح پر پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کاشتکاروں میں چیک تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس امتیاز احمد وڑائچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسان دوست پالیسیوں کی بدولت مختلف فصلوں کی ریکارڈ پیداوار حاصل کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کے درمیان صحتمندانہ مسابقت پیدا کرنے کیلئے پیداواری مقابلے منعقد کرائے جارہے ہیں۔ حکومت کے اس اقدام سے کسانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور ان کے درمیان بہترین پیداوار لینے کا رجحان بڑھے گا۔ پیداواری مقابلہ جیتنے والے خوش نصیب کاشتکاروں کو نقد انعامات دئیے جارہے ہیں۔ ان مقابلہ جات کی بدولت نہ صرف ہماری فی ایکڑ پیداوار بلکہ ملکی مجموعی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور ملکی معیشت مضبوط ہوگی۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت توسیع شہزاد صابر نے کہا کہ کاشتکاروں اور محکمہ زراعت کا چولی دامن کا ساتھ ہے کیونکہ فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے میں اہم کردار اداکررہے ہیں۔گندم سمیت مختلف فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کیلئے پیداواری مقابلوں کے بہت حوصلہ افزا نتائج آرہے ہیں کاشتکاروں میں جدید ٹیکنالوجی اپنانے کا رجحان بڑھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا کام کاشتکاروں کو رہنمائی فراہم کرنا ہے جس پر عمل کرکے وہ بہتر پیداوار حاصل کرتے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ظفر عباس نے بتایا کہ ضلع ملتان میں 152کاشتکاروں نے گندم کے پیداواری مقابلے میں حصہ لینے کیلئے درخواستیں دی تھیں جن میں سے92کاشتکاروں کی کی درخواستیں قبول ہوئیں۔انہوں نے بتایا کہ -22 2021 کے دوران گندم کے پیداواری مقابلہ جات میں ضلع کی سطح پر مہر بشیر احمد نے 60من فی ایکڑپیداوار حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔راشد حسین نے 54 من کے ساتھ دوسری، ملک محمد حسین نے ساڑھے 50 من فی ایکڑ پیداوار کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس امتیاز احمد وڑائچ نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کاشتکار کوتین لاکھ روپے،دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کاشتکار کو2لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کاشتکار کو 1لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے اور مبارکباد دی۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار