ایشیا اردو

محمد عرفان شفیق۔ کویت

کویت میں سفیر پاکستان سید سجاد حیدر، مدت ملازمت ختم ہونے کے باعث، عنقریب کویت کو الوداع کہنے والے ہیں، ان کے اعزاز میں معروف پاکستانی تنظیم  ہم سب کا پاکستان نے مقامی ہوٹل میں ایک یادگار اور پُروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا، اس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں اعلی کویتی شخصیات شیخ الدعیج الاحمد الصباح، کویتی باکسر عبدالرحمن السند، جنہوں نے گذشتہ ماہ پاکستان میں ہونے والی بحیرہ عرب رینکنگ پاکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت کی، کویت اسپورٹس پروموشن کی نمائندہ شخصیات، مشعل الفجی صدر کویت باکسنگ فیڈریشن، چیف ایگزیکٹو افسر کویت سپورٹس پروموشن اور کویت میں تقریباً تمام پاکستانی تنظیموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ تقریب کے انعقاد کیلئے ہم سب کا پاکستان  کو دیگر میڈیا تنظیموں کا تعاون بھی حاصل تھا۔ عزت مآب سفیر پاکستان سید سجاد حیدر کی اہلیہ مادام عنبرین مصطفٰی، سفارتخانہ پاکستان میں سیکنڈ سیکرٹری مادام تحریم الیاس اور کمیونٹی ویلفئیر اتاشی فرخ امیر سیال نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ نظامت کے فرائض ریڈیو کویت اردو سروس کی اناونسر اور میزبان محترمہ ندا مرزا اور نعمان اسلم گھمن نے بڑے احسن طریقے سے انجام دئیے۔ کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، جس کی سعادت ممتاز دینی و سماجی شخصیت حکیم طارق محمود صدیقی نے حاصل کی۔ ابتدائی کلمات کیلئے کمیونٹی کی ممتاز علمی و سماجی شخصیت محمد انعام مورگانائیٹ کو مائیک پر آنے کی دعوت دی گئی، انہوں نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور کویت میں قیام کے دوران، خاص طور پر کرونا بحران کے دنوں میں سفیر پاکستان سید سجاد حیدر کمیونٹی کی شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ اعلیٰ کویتی شخصیت شیخ الدعیج الاحمد الصباح نے دو برادر ممالک پاکستان اور کویت کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں بہتری کیلئے سفیر پاکستان سید سجاد حیدر کی کاوشوں کو سراہا، ان کے دور میں دونوں برادر ممالک کے درمیان فقید المثال رابطے استوار ہوئے۔ کویتی باکسر عبدالرحمن السند، جنہوں نے گذشتہ ماہ اسلام آباد میں ہونے والی بحیرہ عرب رینکنگ پاکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت کی، کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت اور عظیم ملک ہے، انہوں نے دورہ پاکستان کے حوالہ سے خوشگوار لمحات کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ عنقریب دوبارہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ یوکے انٹرنیشنل کویت کے سی ای او ،محمد جمیل نے بھی سفیر پاکستان سید سجاد حیدر کی کمیونٹی کیلئے خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان کے دور میں دو طرفہ تعلقات میں بہتری کیلئے کامیاب کوششیں کی گئیں، اوورسیز ایمپلائمنٹ فورم کے ملک محمد اعظم نے بھی پاک کویت تعلقات میں بہتری کیلئے سفیر پاکستان سید سجاد حیدر کی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ کمپیئرنگ کے دوران محترمہ ندا مرزا نے سفیر پاکستان سید سجاد حیدر کے کامیاب سفارتی سفر اور کویت  کے دورانیہ پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کی اہلیہ مادام عنبرین مصطفٰی کے تعاون اور رہنمائی کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔ ان کے ساتھی کمپیئر نعمان اسلم گھمن نے سفیر پاکستان سید سجاد حیدر کا اس بات پر بھی  شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاک بلڈ ڈونرز کے نوبل کاز کیلئے ہمیشہ پشت پناہی فرمائی۔ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت حافظ محمد شبیر، ڈائریکٹر جنرل پاکستان بزنس سنٹر اور نائب صدر پاکستان باکسنگ فیڈریشن (میڈیا سیکشن) کو دعوت خطاب دی گئی، انہوں نے سفیر پاکستان سید سجاد حیدر کو کمیونٹی کیلئے انتھک کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے دیرینہ مسائل حل کرنے کیلئے دن رات کوششیں کیں، جن میں ویزوں کی بحالی کا مسئلہ سرفہرست تھا، ان کے دور میں پاکستانی ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کویت آئے جن کی مجموعی تعداد دو ہزار سے بھی زیادہ ہے، دیگر شعبوں میں بھی ان کی ذاتی کاوشوں سے پاکستانی افرادی قوت کی بھرتیاں ہوئیں، پچھلے دو سال میں کرونا بحران کے بعد سب سے زیادہ ویزے پاکستانیوں کو جاری کئے گئے، انہوں نے ہر فورم پر پاکستانی کمیونٹی کیلئے بھرپور اور انتھک کاوشیں کیں،  پاک کویت تعلقات بہتر بنانے کیلئے دن رات محنت کی، امید ہے آنے والے دنوں میں یہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ سفیر پاکستان سید سجاد حیدر کی اہلیہ مادام عنبرین مصطفٰی کو اظہار خیال کی دعوت دی گئی، انہوں نے اپنے اعزاز میں الوداعی تقریب کے انعقاد پر ہم سب کا پاکستان ٹیم کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بڑی محب وطن اور ایک دوسرے کے کام آنے والی ہے، ان کا کویت میں قیام بہت خوشگوار رہا، پوری کمیونٹی بہت تعاون کرنے والی ہے،انہوں نے کمیونٹی کی ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت حافظ محمد شبیر کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا، انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان کو ضرورت پڑی، حافظ محمد شبیر نے فوری طور پر خدمات پیش کیں، الحافظ کمپنی کمیونٹی خدمات کے حوالہ سے پیش پیش رہی، پاکستانی ثقافت کے حوالہ سے خدمات پیش کیں، اپنی طرف سے اہم مواقع پر گفٹ آئٹمز فراہم کئے۔ آخر میں سفیر پاکستان سید سجاد حیدر تالیوں کی گونج میں مائیک پر تشریف لائے، انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہم سب کا پاکستان کی ٹیم کو کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات کو ایک چھت تلے جمع کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، یہ ان کی حب الوطنی اور خلوص کی علامت ہے، آپ لوگوں نے جس خلوص اور محبت کا اظہار کیا وہ زندگی بھر فراموش نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دیار غیر میں رہ کر ملک کی بھرپور خدمت کر رہی ہے، جس کی وجہ سے وہ پوری کمیونٹی کو بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، کویت میں پاکستانی افرادی قوت میں اضافے کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں جن پر کام کیا جا رہا ہے اور یہ کام ان کے جانے کے بعد بھی جاری رہے گا۔ آخر میں عزت مآب سفیر پاکستان سید سجاد حیدر اور ان کی اہلیہ مادام عنبرین مصطفٰی، کویتی مہمانوں شیخ الدعیج الاحمد الصباح، مشعل الفجی، عبدالرحمن السند اور دیگر مہمانان کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ مہمانوں کیلئے پرتکلف ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار