ایشیا اردو

 وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی نے محکمہ زراعت پنجاب کے زیر اہتمام غازی یونیورسٹی میں منعقدہ 2روزہ زرعی نمائش کا افتتاح کیا۔ڈی جی خان میں منعقدہ اس نمائش میں ایم پی اے شاہینہ نجیب کھوسہ، سپیشل سیکرٹری زراعت مارکیٹنگ پنجاب وقار حسین نے خصوصی شرکت کی۔ وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ یہ نمائش جنوبی پنجاب میں زرعی ترویج و ترقی کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ اس نمائش میں تمام سٹیک ہولڈرز کی غیرمعمولی دلچسپی سامنے آئی ہے جس سے امپورٹرز و ایکسپورٹرزکو بزنس ڈیلز میں مدد ملنے کی توقع ہے۔اس نمائش نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جس سے وہ جدید زرعی مشینری اور فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی کے علاوہ اپنے کاروبار کے فروغ کے لئے ایک دوسرے سے باآسانی رابطہ کر سکتے ہیں۔موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی پہلی حکومت ہے جس کو اس بات کا بخوبی ادراک ہے کہ زرعی ترقی کے بغیر معاشی اہداف کا حصول ممکن نہیں ہے۔ اس لیے موجودہ حکومت نے بر سر اقتدار آتے ہی زراعت کے شعبہ کی ترقی کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے اقدامات کا آغاز کیا۔جنوبی پنجاب میں زرعی شعبے کی ترقی کے لئے 29 مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جس پر مجموعی طور پر10 ارب66 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے۔جن میں سے جنوبی پنجاب میں افقی لینڈ ڈویلپمنٹ پر 2 ارب روپے۔کارپوریٹ فارمنگ کے منصوبہ پر 39 کروڑ روپے۔جنوبی پنجاب میں 10 زرعی منڈیوں کے انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لئے 19 کروڑ97 لاکھ روپے۔تحصیل کوہ سلیمان اور ڈیرہ غازی خان میں زراعت کی ترقی کے منصوبوں پر 18 کروڑ58 لاکھ روپے اورراجن پور میں کاٹن ریسرچ سب اسٹیشن کے قیام پر 21 کروڑ60 لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری زراعت مارکیٹنگ پنجاب وقار حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  جنوبی پنجاب میں کاشتکاروں و دیگر اسٹیک ہولڈرزنے اس نمائش میں غیرمعمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیاہے۔اس نمائش میں قریباً100 سٹالز لگائے گئے ہیں جس سے کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی کے علاوہ ایک ایسا پلیٹ فارم دیا گیا ہے جو اُن کے کاروبار کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرے گا۔ گزشتہ تین برسوں کے دوران5 بین الاقوامی نمائشوں کا انعقاد کیا گیا جس سے زرعی برآمدات میں مجموعی طور پر13.5 ملین امریکی ڈالر کا اضافہ ہواہے۔انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر شو2022     کا انعقاد بھی کاشتکاروں اور برآمد کنندگان کیلئے انتہائی فائدہ مند ثابت ہو گااور یہ نمائش زرعی برآمدات میں اضافہ کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔  نمائش میں محکمہ زراعت کے افسران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار