ایشیا اردو

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ اس وقت آم کے باغات پھول نکلنے کے مرحلہ سے گزر رہے ہیں۔آم کے درختوں پر پھول نکلنے کے اس اہم مرحلہ پر جو عوامل سب سے زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں ان میں آم کی قسم، گزشتہ برس پھل کی برداشت کا وقت، شاخ تراشی، کھادوں کا استعمال، آبپاشی، موسمِ سرما کا دورانیہ، دھند یا کورا کے اثرات اور موسمِ بہار یعنی پھول نکلنے کے موسم میں سورج کی روشنی کا دورانیہ شامل ہیں۔فروری میں پوٹاشیم نائٹریٹ کا سپرے بھی کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔اگر وسط فروری تک پودوں پر نئے نکلنے والے شگوفوں کی تعداد کم ہو تو اس صورت حال میں پوٹاشیم نائٹریٹ کا سپرے کیا جاسکتا ہے۔ اس مرحلہ پر باغات میں کی جانے والی آبپاشی پودوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرے گی بلکہ بھرپور اورصحت مند پھولوں کی ضامن بھی ہوگی۔اس کے علاوہ بور کی مکھی (مینگو مج)کے ممکنہ حملہ کی شدت میں کمی کا باعث بھی بنے گی کیونکہ بور کے نکلنے پر اگر باغات میں آبپاشی کی جائے تو بور کی مکھی کا حملہ قدرے کم ہوتا ہے۔ اگر باغبان پوٹاشیم نائٹریٹ اور کسی پھپھوند کش زہر کا سپرے کر چکے ہیں تو انہیں زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہاں البتہ اگر انہوں نے مقررہ مقدار سے کم یعنی پوٹاشیم نائیٹریٹ کا صرف 1فیصد محلول سپرے کیا تھا تو ان کے لئے ضروری ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے باغات میں پوٹاشیم نائٹریٹ کے1فیصد محلول کا مزیدایک اور سپرے کر یں۔ اس سپرے میں بھی کثیر الاثر پھپھوند کش زہر بھی ملائی جا سکتی ہے۔ معمول کے مطابق نکلنے والے شگوفوں پر انتھراکنوز یعنی منہ سڑی یا بیکٹریا کا حملہ ہونے کے قوی امکانات موجود ہوتے ہیں ایسی صورت میں کاپر والی پھپھوند کش زہر مثلاً کاپر ہائیڈرو اکسائیڈ یا کاپر آکسی کلورائیڈ بحساب 250گرام فی 100 لٹر پانی کے ساتھ استعمال کے ساتھ بیکٹریا کے تدارک کے لیے مناسب انٹی بائیوٹک کا حفاظتی سپرے انتہائی ضروری سمجھا جاتاہے۔جب پھل کا سائز مٹر کے دانے کے برابر ہو جائے تو اس مرحلہ پر آم کے تیلا (مینگو ہاپر)کے حملہ کازیادہ اندیشہ ہوتا ہے۔ پھل کی بڑھوتری کے اس مرحلہ پر تیلا کے خلاف نئی کیمیائی خصوصیات کی حامل کسی سرائیت پذیر زہر کا سپرے کیا جائے۔شگوفوں کے مکمل نکلنے پر بوریک ایسڈ بحساب 80 گرام اور زنک سلفیٹ 200گرام فی 100 لٹر پانی کا محلول سپرے کر کے پھولوں میں ممکنہ بار آوری کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ عموماً باغبان پھولوں کونکلنے اور نکلے ہوئے پھولوں کو ٹھنڈ سے بچانے کے لئے دیگر کیمیائی مرکبات کے متلاشی ہوتے ہیں۔ ایسے کیمیائی مرکبات کا استعمال منفی نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار