مانٹرنگ ڈیسک

روس کے یوکرین پر مسلسل حملوں کے نتیجے میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے بعد اب فاسٹ فوڈ چین کمپنیوں نے بھی روس میں اپنا کاروبار  بند کرنے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب کے بعد اب امریکی فوڈ چین کمپنیوں مک ڈونلڈز، کوکا کولا اور اسٹاربکس نے بھی روس میں اپنی کاروباری سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
مک ڈونلڈز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ کمپنی روس میں اپنے 820 ریسٹورینٹس کو عارضی طور پر بند کررہی ہے جب کہ اسٹاربکس نے بھی روس میں اپنی 100 کافی شاپس بند کردی ہیں۔مک ڈونلڈز کا کہنا ہےکہ یوکرین میں بے فائدہ انسانی بحران سر اٹھارہا ہے جب کہ کوکا کولا نے جنگ کو المناک قرار دیاہے۔
تینوں کمپنیوں نے کاروباری سرگرمیوں کی معطلی کے دوران اپنے عملے کو تنخواہیں ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مک ڈونلڈز کی چیف ایگزیکٹو نے اسٹاف کے نام جاری میمو میں کہا کہ یوکرین میں جاری تصادم اور یورپ میں انسانی بحران معصوم لوگوں کی ناقابل بیان صورتحال ہے لہٰذا اس تمام صورتحال میں یہ کہنا ناممکن ہےکہ کاروبار دوبارہ کب بحال ہوگا۔
مک ڈونلڈز کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ وہ روس میں اپنے 62 ہزار کے قریب ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی جاری رکھیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے یوکرین پر حملے کے بعد ان تینوں کمپنیوں کو عالمی برادری کا ساتھ دینے کے لیے دباؤ کا سامنا تھا اور سوشل میڈیا پران کمپنیوں کے بائیکاٹ کی مہم بھی چلائی گئی تھی۔
اس حوالے سے مک ڈونلڈز کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ نظام کا حصہ ہونے کے باعث ہم نے روسی جارحیت کی مذمت کے لیے دنیا کا ساتھ دیا اور امن کے لیے دعاگو ہیں۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار