صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے موسم انتہائی دلفریب ہو گیا جبکہ شہر قائد کراچی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
لاہور کے علاقے گوالمنڈی، ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، مال روڈ، ہال روڈ، ساندہ، کرشن نگر، چوبرجی، جیل روڈ، مزنگ، گلبرگ، شادمان، کینٹ، مسلم ٹاؤن، فیروزپور روڈ سمیت دیگر علاقوں میں رات گئے شروع ہونے والی بوندا باندی صبح تک جاری رہی۔
ڈیفنس، گارڈن ٹاؤن، کینال روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ، جوہر ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن، وحدت روڈ، مصطفیٰ ٹاؤن میں بادل برسے، اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں گوجرہ، جھنگ، پنڈی بھٹیاں، شرقپور، شیخوپورہ، صفدر آباد، مریدکے، پھولنگر اور قصور میں بھی بارش ہوئی۔
بھکر، چشتیاں، لیاقت پورہ، گوجرہ، شرقپورہ، حافظ آباد، بہاولپور، جھنگ اور چنیوٹ میں بھی بادل برسے جبکہ کمالیہ میں بارش کے باعث خستہ حال گھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔
خاران میں چھت گرنے سے شہری دو بچوں سمیت جاں بحق
دوسری جانب خاران کے شہر کُلان میں بارش کے سبب گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص دو بچوں سمیت جاں بحق ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق لاشوں کو لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے سے نکالا، خاران شہر اور گرد و نواح میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے خاران کے تمام ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ تیز ہے۔
پورے شہر میں بارش کا پانی جمع ہونے سے نظام زندگی شدید متاثر ہے، بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے۔
کئی جگہوں پر لوگ اپنی مدد آپ کے تحت گھروں اور گلیوں سے پانی نکالتے رہے ہیں، کمشنر رخشان اور ڈپٹی کمشنر خاران سمیت تمام متعلقہ محکمے الرٹ ہو گئے ہیں۔
گوادر مزید تباہ
دوسری جانب بارش کے دوسرے سپیل نے ڈوبے ہوئے گوادر کو مزید ڈبو دیا، دو گھنٹے تیز ہوا اور گھن گرج کے ساتھ ہونے والی بارش نے تباہ حال گوادر کو مزید تباہ کر دیا۔
بارش کا پانی نشیبی علاقوں میں مقیم لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا، بارش سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا، بارش سے سید ہاشمی ایونیو، جناح ایونیو، میرین ڈرائیو ندی نالوں میں تبدیل ہو گئے۔
طوفانی بارش کے باعث ریسکو اور نکاسی آب کا کام بھی متاثر ہو گیا، کئی مکانات منہدم ہو گئے جس کے باعث لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار