ملتان (  )  سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے کپاس کے کاشتکاروں سے بہتر ریٹ دلوانے کا وعدہ پورا کر دیا ہے۔کپاس کی مارکیٹ مستحکم ہونے سے کسان خوشحال اور آئندہ فصل پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں کپاس کی حالت تسلی بخش ہے اور کپاس کی فصل کی بہتر نگہداشت کے لئے ترجیحاً اقدامات کئے جارہے ہیں۔ رپورٹ ہونے والے ہاٹ سپاٹ ائیریا میں جدید کیمسٹری کی حامل زرعی زہروں کا سپرے کروایا جا رہا ہے۔ وہ آج سول سیکرٹریٹ میں کپاس کی موجودہ صورتحال کی مانیٹرنگ کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان،کنسلٹنٹ شعبہ زراعت توسیع ڈاکٹر انجم علی، ڈائریکڑجنرل زارعت توسیع ڈاکٹر اشتیاق حسن،ڈائریکٹر جنرل کراپ رپورٹنگ پنجاب ڈاکٹر عبدالقیوم،ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب رائے مدثر عباس و دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ پنجاب رانا فقیر احمداور تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز زراعت توسیع نے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری زراعت پنجاب کو بتایا گیا کہ صوبہ میں کپاس کی مجموعی صورتحال اچھی ہے۔اگیتی کاشتہ فصل کی چنائی کا مرحلہ جاری ہے۔بعض علاقوں میں سفید مکھی اور گلابی سنڈی کا حملہ مشاہدہ میں آیا ہے مگر وہ نقصان کی معاشی حد سے نیچے ہے تاہم رپورٹ ملنے پر زراعت توسیع اور پیسٹ وارننگ کی ٹیمیں جدید کیمسٹری کی حامل زرعی زہروں کا سپرے کر رہی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری زراعت پنجاب کو بتایا گیا کہ ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں اونچے درجہ کا سیلاب ہونے کے باعث نہری بندش کا سامنا ہے لیکن ابھی تک کپاس کی فصل محفوظ ہے کیونکہ ابھی تک کپاس کے زیرِ کاشت زیادہ علاقے زیرِ آب نہیں آئے ہیں۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قبل از وقت تمام فصلات بشمول کپاس کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں۔اس ضمن میں محکمہ آبپاشی سے مکمل رابطہ رکھا جائے اور سیلاب کی صورتحال کو مانیٹر کیا جائے۔انھوں نے مزید کہا کہ کپاس کی صاف چنائی کے لئے کاشتکاروں کی فنی راہنمائی کی جائے۔کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول کے لئے آئندہ دو ہفتے نہایت اہم ہیں۔ زراعت توسیع کے افسران و عملہ کاشتکاروں کے شانہ بشانہ شریک ہوں۔ اس کے علاوہ کپاس کی پھٹی کی جیننگ فیکٹریوں میں آمد کی مانیٹرنگ جاری رکھی جائے تاکہ ڈیٹا کی مدد سے آئندہ فصل کے لئے موثر حکمت ِ عملی ترتیب دی جا سکے۔انھوں نے واضح کیا کہ کپاس کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کاشتکاروں کی خوشحالی اورملکی معیشت میں استحکام کا باعث ثابت ہوگی۔اس لئے کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول کے سلسلے میں تمام افسران و عملہ اپنی ڈیوٹی قومی فریضہ سمجھ کر سر انجام دیں۔کپاس کی مہم گزشتہ قریباً4 ماہ سے جاری ہے۔چند روز کی مزید محنت سے ہم اپنا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار