ایشیا اردو

دوروزہ قومی زرعی نمائش 27 فروری کو یونیورسٹی آف سرگودھا میں منعقد ہوگی۔ اس ضمن میں زرعی نمائش کے انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے یونیورسٹی آف سرگودھا کاد ورہ کیا۔ انہوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم مظہر سے ملاقات کی اور نمائش کے انتظامات اور ا سے زراعت کے فروغ کیلئے مفید تر بنانے میں یونیورسٹی انتظامیہ کی شمولیت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر ماڈل فارم جمشید کاشف، ڈائریکٹر زراعت سرگودھا ڈویژن فیض محمد کندی، صدر چیمبر آف کامرس وانڈسٹری شعیب بسراء کے علاوہ یونیورسٹی ومحکمہ زراعت کے صوبائی وڈویژنل افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہاکہ زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کیلئے عالمی سطح پر بڑی منڈیوں تک رسائی کے لئے کوششیں جاری ہیں۔زرعی نمائش ان کاوشوں کا ایک سلسلہ ہے۔انہوں نے کہاکہ نمائش میں عالمی وفود کی شرکت کو بھی یقینی بنایاجائیگا تاکہ ملکی زرعی مصنوعات عالمی سطح پر متعارف کروائی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ہماری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اس کا فروغ ہی ہمیں معاشی مشکلات سے نکال سکتاہے۔انہوں نے کہاکہ جامعات ریسرچ کا منبع ہیں۔زرعی ترقی کیلئے یونیورسٹوں کی تحقیق سے استفادہ کیا جائے تاکہ جدید زراعت کو فروغ دیاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ ہماری فی ایکڑ پیداوار عالمی مقابلے میں کم ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ جدید کاشتکاری ہی اس فقدان کو مکمل کرسکتی ہے اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا ڈاکٹر سلیم مظہرنے بتایا کہ یونیورسٹی کا ایگریکلچر کالج سٹرس اور دیگر زرعی پیداوار میں جدت لانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے نمائش کے انعقاد کو مثالی بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر جمشید کاشف نے بتایا کہ نمائش میں مقامی وملکی زرعی مصنوعات‘انڈسٹری‘ زرعی مشینری‘ پھل اورسبزیوں کے سٹال لگائے جائیں گے۔ قومی وعلاقائی سیاحت وثقافت کو فروغ دینے کیلئے دستاویزی فلموں کی نمائش کی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ 27 فروری بروز اتوار رات کو محفل سماع وصوفیانہ کلام بھی منعقد ہو گی جس میں طلبہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرینگے۔28 فروری بروز سوموار شام ساڑھے چار بجے اختتامی تقریب منعقد ہو گی جس کیلئے مشیروزیر اعظم پاکستان برائے تجارت‘ ٹیکسٹائل‘انڈسٹریز وپیداوار اور سرمایہ کاری عبدالرزاق دادوکو مدعو کیاگیا ہے۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ نمائش سے کسان‘ زمیندار زرعی انڈسٹری سے منسلک‘صنعت کار اور برآمد کنندگان استفادہ کریں گے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار