سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی زیر صدارت ایگریکلچر سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سبزیوں پر کیمیائی زہروں کے کم سے کم استعمال بارے حکمت عملی مرتب کرنے اور ربیع فصلات کیلئے مارکیٹ میں کھادوں کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کہا کہ سبزیات ہماری روزمرہ کی خوراک کا اہم جزو ہیں۔ سبزیوں کے کیڑوں وبیماریوں کے کنٹرول کیلئے ایسی حکمت عملی تیار کرکے پیش کی جائے جس پر عملدرآمد سے کاشتکاروں کا کیمیائی زہروں پر انحصار کم سے کم ہو اور پیداوار بھی بہتر ہو۔ بہتر صحت اور کیمیائی زہروں کے اثرات سے پاک سبزیوں کے حصول کیلئے ہر ضلع میں ربیع کی سبزیوں کے نمائشی پلاٹ بھی لگائے جائیں جہاں پر عملی اقدامات کے ذریعے کاشتکاروں کی رہنمائی کی جاسکے۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ گندم کی کاشت کا سلسلہ جاری ہے لہٰذ اس مرحلہ پر کیمیائی کھادوں کی مقررکردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔ا نہوں نے کہا ہے کہ کھادوں میں ملاوٹ، ذخیرہ اندوزی، زائد قیمتوں پر فروخت اور بلیک مارکیٹنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیلرز کے پاس موجود فرٹیلائزر سٹاک کی رپورٹ باقاعدگی سے حاصل کی جائے کیونکہ فرٹیلائزر کنٹرول آرڈر کے مطابق ڈیلرز سٹاک کا ریکارڈ دینے کے پابند ہیں۔ ڈیلرز کے فرٹیلائزر سٹورز کی چیکنگ اور لوکیشن بارے بھی معلومات پر مبنی رپورٹ باقاعدگی سے مرتب کرکے پیش کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران دیانت داری، لگن اور جانفشانی سے سرکاری امور کی انجام دہی کریں تاکہ بہتر رہنمائی کے نتیجہ میں گندم کی فی ایکڑ پیداوار اور شرح منافع میں اضافہ سے کاشتکاروں کا معیار زندگی بلند ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گندم کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے ویٹ کیلنڈر کے مطابق کاشتکاروں کی رہنمائی کی جائے۔ اس سلسلہ میں تربیتی ورکشاپس، فارمر گیدرنگز اور آگاہی سیمینارز منعقد کیے جائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس امتیاز وڑائچ، ڈپٹی سیکرٹریز آصف رضا، ڈاکٹر حیدر کرار، ڈویژنل ڈائریکٹرز زراعت توسیع، ڈپٹی ڈائریکٹر (فروٹ اینڈ ویجیٹیبل) محمد جمیل غوری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت انفارمیشن عبدالصمد سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ 

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار