ایشیا اردو

سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کا خانیوال کے مختلف علاقوں کا دورہ۔گندم کی فصل کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ ابھی تک گندم کی فصل کی مجموعی صورت حال تسلی بخش ہے اور بہتر پیداوار کے حصول کیلئے موسم بھی سازگار ہے۔فیلڈ فارمیشنز اپنا زیادہ وقت فصل کی چیکنگ اور کاشتکاروں کی رہنمائی میں گزاریں کیونکہ اس مرحلہ کا پیداوار سے گہرا تعلق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت گندم کی فصل 80سے90دن ہے۔زیادہ تر گندم نے سٹے نکال لئے ہیں اور باقی ماندہ نکال رہی ہے۔اس صورت حال میں یوریا کھاد کااستعمال فصل کو فائدے کی بجائے نقصان پہنچائے گا۔لہٰذا کاشتکار اس مرحلہ پر گندم کی فصل میں نائٹروجنی کھاد کا استعما ل ہرگز نہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت یوریا کا استعمال فصل کو بڑھوتری کی طرف لے جائے گا جس سے فصل کی توجہ دانے بھرائی کی بجائے قد بڑھانے کی طرف ہوجائے گی۔اس نئی بڑھوتری کی وجہ سے فصل پر سست تیلے اور زرد کنگی کے آنے کا خدشہ بھی ہوسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی فصل کو دوسرا پانی 80تا 90اور پچھیتی کاشتہ فصل کودوسرا پانی 70تا80دن بعد گوبھ کے وقت لگائیں اس وقت سٹہ پودے کے اندر بن کر باہر نکلنے کے مراحل میں ہوتا ہے اگر اس مرحلے میں پانی نہ دیا جائے یا تاخیر سے دیا جائے تو سٹے چھوٹے رہ جاتے ہیں۔سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے مزیدکہاکہ کنگی اور سست تیلے کے بروقت کنٹرول کیلئے کاشتکار باقاعدگی سے اپنی فصل کا معائنہ کریں۔ سست تیلے کا حملہ گندم کی فصل پر ٹکڑیوں کی شکل میں ہوتا ہے لہٰذا جیسے ہی اس کا حملہ نظر آئے متاثرہ کھیت کے حصوں میں پودوں کو رسی سے ہلا کر تیلے کو نیچے گرا لیں۔سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت دی کہ تیلے کا حملہ ہونے کی صورت میں کاشتکاروں کوگندم کی فصل پر پاور سپرئیرکے ساتھ پریشر سے سادہ پانی کاسپرے کروائیں۔انہوں نے مزید کہاکہ کاشتکار گندم کی فصل پر زرعی زہروں کا استعمال کم سے کم اور انتہائی ناگزیر صورت میں ماہرین کے مشورہ سے کریں کیونکہ یہ ہماری خوراک کا حصّہ ہے اور زیادہ سپرے سے اس پر بُرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار