ایشیا اردو

 وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈریسرچ سید فخر امام کی زیر صدارت تمام صوبوں کی گندم کی بوائی و پیداواری اہداف کا ویڈیو لنک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی اور ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع)پنجاب ڈاکٹر انجم علی نے پنجاب کی نمائندگی کی۔ وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے اجلاس کو بتایا کہ صوبہ پنجاب میں تا حال مجموعی طور پر گندم کی بوائی کا 95فیصد ہدف مکمل ہو چکا ہے۔اس کے علاوہ گندم کی بوائی کے پیداواری اہداف کی تکمیل کے لیے زرعی یونیورسٹیز میں زیر تعلیم 20ہزار طلبا ء بھی فیلڈ میں کاشتکاروں کو گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیڈرل کمیٹی آن ایگریکلچر نے پنجاب کے لیے 16.2ملین ایکڑ ہدف مقرر کیا تھا جبکہ ہم نے اسے بڑھا کر 16.7ملین ایکڑ کیا ہے تاکہ ہدف سے زیادہ رقبہ پر گندم کی کاشت یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ سرگودھا اور ساہیوال ڈویژن کے علاوہ تمام ڈویژنز آج تک گندم کی کاشت کے ہدف کے حصول کے قریب پہنچ چکے ہیں۔وزیر زراعت نے وفاقی وزیر سید فخر امام کو کھاد کے لیے پنجاب کے مقرر کردہ کوٹے سے کم سپلائی بارے بتاتے ہوئے کہا کہ یوریا کھاد کی مجموعی پیداوار کا پنجاب کا کوٹہ 70فیصد ہے اس ضمن میں یوریا کی سپلائی کوٹہ کے مطابق یقینی بنایا جائے تاکہ گندم کے 2کروڑ 20لاکھ میٹرک ٹن کے پیداواری ہدف کے حصول کو ممکن بنایا جا سکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کو ارسا کی جانب سے 28فیصد کم پانی فراہم کیا جارہا ہے جس کے باعث ربیع کے دوران پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ امسال بارش نہ ہونے کے باعث بارانی علاقوں میں گندم کی نشوونما اور مطلوبہ پیداوار ی اہداف کے حصول میں مسائل درپیش ہیں۔ امسال گندم کی منظورہ شدہ اقسام کے 10لاکھ بیگز بحساب 1200/-روپے فی بیگ سبسڈی پرفراہم کیے گئے ہیں اور مجموعی طور پر 1کروڑ ایکڑ رقبے پر گندم کی منظور شدہ اقسام کا بیج کاشت کیا جارہا ہے۔ ربیع فصلات کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے کسان کنونشنز، سیمینارز اور فارمر گیدرنگز کے انعقاد سمیت نمائشی پلاٹس قائم کیے جارہے ہیں۔12ارب 54کروڑ روپے کی خطیر رقم سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔ مالی سال 2021-22کے دوران اس منصوبہ کے تحت گندم کی مشینی کاشت کے فروغ کے لیے 50فیصد سبسڈی پر 1ارب روپے سے زیادہ کی جدید زرعی مشینری سمیت دیگر زرعی مداخل فراہم کیے جارہے ہیں۔وفاقی وزیر سید فخر امام نے کہا کہ وفاقی حکومت زرعی مداخل کی مقرر کردہ کوٹہ کے مطابق صوبوں کو سپلائی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔مزید برآں ملک بھر میں کھادوں کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران و نمائندگان نے شرکت کی۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار