آزاد کشمیر انتخابات: 21 نشستوں پر پولنگ کل، تیاریاں مکمل
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 21 انتخابی نشستوں پر پولنگ کل 2 اگست کو ہوگی، جس کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی سامان اور عملے کی ترسیل کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 21 نشستوں پر 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 8 لاکھ 9 ہزار 621 ووٹرز ووٹ ڈالیں گے، جن میں ضلع نیلم کے 2 حلقوں کے ایک لاکھ 51 ہزار 911، جہلم ویلی کے 2 حلقوں کے ایک لاکھ 77 ہزار 500 اور مظفرآباد کے 5 حلقوں کے 4 لاکھ 80 ہزار 219 ووٹرز شامل ہیں۔
مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 208 امیدوار جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر 143 امیدوار میدان میں ہیں۔ مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں 1,483 پولنگ اسٹیشنز اور 2,219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کے لیے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8، حساس پر 6 جبکہ نارمل پولنگ اسٹیشنز پر 4 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
مظفرآباد کے حلقہ جات ایل اے 28، ایل اے 29 اور ایل اے 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انتخابی حلقوں میں اہم مقابلوں میں نیلم کے ایل اے 25 اور ایل اے 26 شامل ہیں، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار بھی میدان میں موجود ہیں۔ مظفرآباد کے ایل اے 27 سے ایل اے 33 تک بھی مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔



Leave A Comment