ایران کا دورہ کامیاب، خطے میں امن کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی: آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایران کا مختصر لیکن انتہائی اہم اور نتیجہ خیز سرکاری دورہ مکمل ہو گیا ہے، جس کے دوران خطے میں امن کے لیے مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ سکندر مومنی شامل تھے۔ یہ ملاقاتیں پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی کوششوں کا حصہ تھیں، جن کا مقصد 8 اپریل کی جنگ بندی کے بعد خطے میں کشیدگی کو کم کرنا اور تعمیری روابط کو فروغ دینا ہے۔
مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے قیام اور ایک حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے مشاورتی عمل کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں، جنہوں نے ثالثی عمل کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے تفصیلی مذاکرات کے نتیجے میں حتمی مفاہمت کی جانب نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے، جسے ایک حوصلہ افزا علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایرانی قیادت نے اس موقع پر علاقائی مسائل کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا۔ ایران پہنچنے پر وزیر داخلہ سکندر مومنی نے سینئر سول اور عسکری حکام کے ہمراہ فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی صدر سے خصوصی ملاقات میں خطے میں کشیدگی کم کرنے پر بات چیت کی، جبکہ ایران-امریکا مذاکرات اور مغربی ایشیا کی سکیورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
_2026_05_24_06_30_49_93857084.jpg)


Leave A Comment