بلوچستان کے تمام 23 ماحولیاتی پولیو نمونوں کے نتائج منفی آ گئے
کوئٹہ: بلوچستان میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تمام 23 ماحولیاتی نمونوں کے نتائج منفی آئے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے انسداد پولیو اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کوششوں کا تسلسل برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پولیو کے خلاف قومی مہم کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل کوششوں اور مؤثر اقدامات کے ذریعے پولیو کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ تمام ماحولیاتی نمونوں کا منفی آنا گزشتہ تین سال کی مسلسل جدوجہد اور شب و روز محنت کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق حکومت بلوچستان کے اصلاحاتی ایجنڈے اور پالیسیوں کے تسلسل سے پولیو کے خاتمے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے محکمہ صحت، پولیو ورکرز اور والدین کی مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خطرات اور دشوار گزار علاقوں کے باوجود پولیو ورکرز بچوں تک پہنچتے رہے۔ شدید گرمی، سردی اور بنیادی سہولیات کی کمی بھی ان کے عزم میں رکاوٹ نہ بن سکی۔
صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان پولیو ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی خدمات و قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے حاصل ہونے والی پیش رفت کو برقرار رکھنے اور انسداد پولیو اقدامات جاری رکھنے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

_2026_10_12_21_57_43_13057810.jpg)

Leave A Comment