بپن راوت کی ہلاکت: آرمی چیف اور دیگر فوجی قیادت کا اظہار افسوس
ایشیا اردو
بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کے بعد چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، آرمی چیف، ایئر چیف اور نیول چیف نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بیان میں بتایا گیا کہ چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تامل ناڈو میں ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہونے والے بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
دوسری طرف سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی جنرل بپن راوت اور 12 دیگر عملے کے ارکان کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا۔
اُدھر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بھارتی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا اور دیگر قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست تامل ناڈو میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
بھارتی فضائیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ یہ واضح ہوگیا ہے کہ جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت اور ہیلی کاپٹر میں سوار دیگر 11 افراد واقعے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ ڈی ایس ایس سی پر ڈائریکٹنگ سٹاف گروپ کپٹن ورون سنگھ ایس سی بھی زخمی ہیں اور وہ اس وقت ملٹری ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ جنرل بپن راوت ڈیفنس سروسز سٹاف کالج ولنگٹن (نیلگری ہلز) میں سٹاف کورس کے اساتذہ اور طلبہ سے خطاب کے لیے جا رہے تھے
بیان میں کہا کہ دوپہر کے قریب بھارتی فضایہ کا ایم آئی-17 وی فائیو ہیلی کاپٹر عملے کے 4 افراد اور دیگر مسافروں کو لے کر جار رہا تھا اور تامل ناڈو میں کونور کے قریب حادثے کاشکار ہوا



Leave A Comment