سی ٹی ڈی کے آپریشنز میں را کے 5 ایجنٹوں سمیت 54 دہشتگرد گرفتار
لاہور: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں گزشتہ دو ماہ کے دوران 419 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 5 مبینہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹس سمیت 54 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، جہلم، پاکپتن، گوجرانوالہ، ساہیوال اور اوکاڑہ سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق گرفتار افراد میں مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے تعلق رکھنے والے 5 ایجنٹس بھی شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، 12 آئی ای ڈیز، 42 ڈیٹونیٹرز، 98 فٹ سیفٹی فیوز وائر، ممنوعہ اسٹیکرز، کتابیں اور نقدی برآمد کی گئی۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں وارث خان، نصر، منور حسین، کامل داد، زاہد، انعام اللہ، مطیع اللہ، جلال اور جمشید سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد مبینہ طور پر شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران پنجاب بھر میں 13 ہزار 572 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن کے دوران 4 لاکھ 94 ہزار 642 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 1 ہزار 193 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے



Leave A Comment