ڈی جی خان: تونسہ شریف میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملہ ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک،ذرائع
ڈیرہ غازی خان کے علاقے تونسہ شریف میں سکیورٹی پر مامور چوکس پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا ایک بڑا اور ہولناک خودکش حملہ ناکام بنا دیا ہے، کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ تونسہ پولیس کے 2 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
ذرائع کے مطابق تونسہ شریف میں واقع جھنگی سکیورٹی چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے چیک پوسٹ کو اڑانے کی مذموم کوشش کی۔ چیک پوسٹ پر تعینات انتہائی الرٹ پولیس اہلکاروں نے مشکوک گاڑی کو دیکھتے ہی فوری اور بروقت کارروائی کی اور حملہ آور کو ایک محفوظ فاصلے پر ہی روک کر فائرنگ شروع کر دی۔
شدید فائرنگ کے تبادلے اور گاڑی میں موجود بارودی مواد پھٹنے کے نتیجے میں حملہ آور سمیت 3 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ اس وطن عزیز کے دفاع کی اس جرات مندانہ کوشش میں 2 پولیس اہلکار فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہو گئے، جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔



Leave A Comment