700 سے زائد تاریخی نوادرات کی نمائش، چھ مرکزی گیلریاں قائم، جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے دبئی کی تاریخ پیش کردی گئی

دبئی: متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی کی قدیم ترین تاریخی عمارت الفہیدی قلعے کے مکمل طور پر بحال کیے گئے عجائب گھر کا دورہ کیا اور اسے اماراتی تاریخ، ثقافت اور قومی ورثے کے تحفظ کی اہم علامت قرار دیا۔

تقریباً 230 سال سے زائد تاریخی اہمیت کا حامل الفہیدی قلعہ 1787 میں تعمیر کیا گیا تھا، جو مختلف ادوار میں دبئی کے دفاع، حکومتی انتظام اور سماجی زندگی کا اہم مرکز رہا۔ شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اس موقع پر کہا کہ تاریخی ورثے کا تحفظ قومی ذمہ داری ہے اور نئی نسل کو اپنے ماضی سے روشناس کرانا متحدہ عرب امارات کی ترقی کے سفر کا اہم حصہ ہے۔

دورے کے موقع پر دبئی کلچر اینڈ آرٹس اتھارٹی کی چیئرپرسن شیخہ لطیفہ بنت محمد بن راشد آل مکتوم بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ بحال شدہ عجائب گھر میں چھ مرکزی گیلریاں قائم کی گئی ہیں، جن میں 700 سے زائد تاریخی اشیا، قدیم ہتھیار، آثار قدیمہ، تاریخی دستاویزات اور اماراتی معاشرت سے متعلق نوادرات نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔

عجائب گھر میں جدید سمعی و بصری ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نمائشوں کے ذریعے دبئی کے تاریخی ارتقا کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ’’دی والٹ‘‘ کے نام سے خصوصی گیلری بھی قائم کی گئی ہے، جس میں متحدہ عرب امارات کی دفاعی تاریخ اور شیخ محمد بن راشد کی عسکری خدمات سے متعلق اہم اشیا رکھی گئی ہیں۔

الفہیدی قلعہ 1896ء تک دبئی کے حکومتی مرکز کے طور پر استعمال ہوتا رہا، بعد ازاں 1971ء میں مرحوم شیخ راشد بن سعید آل مکتوم کی ہدایات پر اسے دبئی کے پہلے عجائب گھر میں تبدیل کردیا گیا۔ بحالی کے منصوبے میں قلعے کی اصل تاریخی ساخت اور تعمیراتی خصوصیات کو محفوظ رکھتے ہوئے جدید سہولیات شامل کی گئی ہیں۔

اس موقع پر شیخہ لطیفہ بنت محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا کہ تاریخی عمارتوں کا تحفظ صرف ماضی کو محفوظ کرنے کا عمل نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کو اپنی تہذیب، روایات اور قومی شناخت سے جوڑنے کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔

شیخ محمد بن راشد نے بحالی کے منصوبے میں حصہ لینے والے اداروں اور ماہرین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دبئی کی ترقی کی بنیاد اس کی تاریخ، ثقافت اور انسانی اقدار میں پیوست ہے۔

منصوبے کی تکمیل میں دبئی کلچر، وزارت دفاع، دبئی بلدیہ، روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور محکمہ معیشت و سیاحت سمیت مختلف اداروں نے تعاون کیا۔ بحال شدہ الفہیدی قلعہ اب مقامی شہریوں، طلبہ اور بین الاقوامی سیاحوں کے لیے دبئی کی تاریخ اور ثقافتی ورثے کو سمجھنے کا ایک اہم مرکز بن گیا ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار