لاہور: محکمہ زراعت پنجاب نے اگیتی کپاس کی کاشت کے حوالے سے نئی سفارشات جاری کرتے ہوئے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 31 مارچ تک کپاس کی اگیتی کاشت مکمل کریں۔ ترجمان کے مطابق اگیتی کپاس کے لیے ملتان، ساہیوال، فیصل آباد، سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنز کے اضلاع زیادہ موزوں قرار دیے گئے ہیں۔

محکمہ زراعت کے مطابق اگیتی کاشت کے لیے صرف ٹرپل جین اقسام کے بیج استعمال کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ کاشتکاروں کو تاکید کی گئی ہے کہ بیج لازمی طور پر Federal Seed Certification and Registration Department سے تصدیق شدہ اور خالص ٹرپل جین قسم کا ہو، کیونکہ غیر ٹرپل جین اقسام پر گلائفوسیٹ سپرے کرنے کی صورت میں پودے متاثر ہو کر مر سکتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ٹرپل جین کپاس کی اقسام جڑی بوٹی مار زہر گلائفوسیٹ برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ٹینڈے کی سنڈی خصوصاً گلابی سنڈی کے خلاف بہتر قوت مدافعت فراہم کرتی ہیں۔

اگیتی کپاس کی کاشت کے لیے پودوں اور قطاروں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھنا ضروری ہے۔ عام طور پر قطاروں کا فاصلہ تقریباً 2.5 فٹ جبکہ پودوں کا درمیانی فاصلہ 1.5 سے 2 فٹ ہونا چاہیے۔ مزید برآں کاشتکاروں کو معیاری، صحت مند اور بیماریوں سے پاک تصدیق شدہ بیج استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ زراعت کے مطابق چوکا کاشت کے دوران فی چوکا 4 سے 5 بیج ڈالے جائیں جبکہ ڈرل کے ذریعے کاشت کی صورت میں فی ایکڑ بیج کی مقدار میں 2 سے 3 کلوگرام اضافہ کیا جائے۔ کاشتکاروں کو ناغے پورے کرنے کے لیے تقریباً 10 فیصد اضافی بیج رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار